حسین محتشم
پونچھ//لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن (ایل پی ای ایف) پونچھ نے جموں و کشمیر کی حکومت، بالخصوص وزیر تعلیم محترمہ سکینہ اِیتو سے پْرزور اپیل کی ہے کہ وہ جموں صوبے کے سرد علاقوں (ونٹر زونز) میں اسکولوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی لائیں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایل پی ای ایف کے کنوینر اور ضلعی صدر، جے ایس اوّل نے کہا کہ حالیہ دنوں میں موسم میں واضح بہتری آئی ہے اور ہند و پاک کشیدگی بھی اب تھم چکی ہے۔ اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کے بعد دھوپ تیز ہو چکی ہے اور دن کے اوقات میں درجہ حرارت غیر معمولی طور پر بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی صورتِ حال میں، طلباء کے لئے دوپہر کے بعد، خاص طور پر شام 4 بجے تک کلاس رومز میں بیٹھنا نہایت اذیت ناک ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا گرمی کی شدت نہ صرف ان کی توجہ اور کارکردگی کو متاثر کر رہی ہے بلکہ ان کی صحت پر بھی منفی اثر ڈال رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کئی والدین اور اساتذہ بھی اس مسئلے کو لے کر پریشان ہیں، اور آئے روز یہ شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ بچے گرمی کی شدت سے نڈھال ہو کر گھر واپس آتے ہیں۔ متعدد اسکولوں میں پنکھوں یا مناسب وینٹی لیشن کا بھی فقدان ہے، جس سے حالات مزید خراب ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاایسے حالات میں میری مؤدبانہ گزارش ہے کہ سکینہ اِیتو انسانی ہمدردی، طلباء کی صحت اور تعلیمی ماحول کے تحفظ کے تحت اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیں اور اسکولوں کے اوقات کو موسمِ گرما کے مطابق صبح کے وقت تک محدود کریں تاکہ بچے دوپہر سے پہلے ہی اسکول سے فارغ ہو سکیں۔