عاصف بٹ
کشتواڑ//سرمائی زون میں تعطیلات کے بعد جہاں دیگر مقامات پر جمعہ کوسکول دوبارہ کھل گئے وہیں ضلع کشتواڑ میں بھی سبھی مقامات پر سکول دوبارہ کھول دئےگئے۔چیف ایجوکیشن افسر کشتواڑ جاویر احمد نے بتایا کہ ضلع کے بالائی علاقہ جات مڑواہ ،واڑون، دچھن ،پاڈر میں بھی پرایمری ،مڈل سکولوں کو مکمل طور کھول دیاگیا جہاں بچے و تدریسی عملہ موجود رہا۔ انھوں نے کہا کہ امسال دوردراز کے علاقہ جات میں بھاری برفباری ہوئی وہیں سات مارچ سے سبھی طرح کے تعلیمی مراکز کو کھول دیاگیااورمتعدد سکولوں میں بچوں کا والہانہ استقبال کیا گیا اور ان میں مٹھایاں تقسیم کی گئیں ۔ادھرتین ماہ سے ویران پڑے بازاروں و سکولوں میں دوبارہ رونق لوٹ آئی ۔واڑون و مڑواہ میں بھاری برف کے سبب بچوں کا سکول پہنچنا نا ممکن ہے۔ بیشتر سکول برف کی وجہ سے ڈھکے ہوئے ہیں اور راستے منقطع ہیں۔تعلیمی زون مڑواہ کے واڑون علاقے میں اگرچہ بیشتر تعلیمی ادارے کھول دئےگئے تاہم ا ن میں بچوں کی تعداد نہ کے برابر رہی۔ علاقے میں گزشتہ ہفتے قریب پانچ فٹ تک برفباری درج کی گئی تھی جسکے بعد اگرچہ تدریسی عملے نے سکولوں کی چھتوں پر سے بر ف ہٹائی تاہم ابھی بھی احاطے میں دو سے تین فٹ برف جمع ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گمری، مرگی، سکھنائی ، بسمینہ، داسبل و دیگر اوپری علاقہ جات میں دس سے پندرہ روز برف پگھلنے میں لگ سکتے ہیں جسکے بعد ہی طلبہ سکول جاسکتے ہیں ۔والدین نے بتایا کہ وہ فی الحال بچوں کوسکول بھیجنے سے ڈر رہے ہیں۔