کراچی/پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کئی بار اس بات کا اظہار کر چکے ہیں اور اب چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی اس بات سے متفق ہیں کہ تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کی سرفراز احمد کی موجودگی میں پاکستان ٹیم میں شمولیت مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ جنگ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہکامران اکمل نے میرے ساتھ بھی چھ سات سال کرکٹ کھیلی ہے۔ ان کی ڈومیسٹک کرکٹ کی کارکردگی پر کسی کو شک نہیں ہے۔ البتہ ہم نے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لئے جو پالیسی بنائی ہے اس کے مطابق اب پیچھے مڑ کر دیکھنا مشکل ہے۔ آئرلینڈ، انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے دورے میں کامران اکمل کی پاکستان ٹیم میں شمولیت مشکل دکھائی دے رہی ہے۔36 سالہ کامران اکمل پاکستان سپر لیگ میں 425 رنز بناکر بہترین بیٹسمین بنے تھے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کی واحد سنچری بھی بنائی تھی۔ سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا تھاکہ کامران اکمل کی پاکستان ٹیم میں سلیکشن پر جواب متنازع ہوگا لیکن میرے خیال میں کامران اکمل اپنی فیلڈنگ کی بنیاد پر پاکستان ٹیم میں جگہ نہیں بناسکتے۔کامران اکمل مکی آرتھر کا نام لئے بغیر کہتے ہیں کہ ایک شخص کی وجہ سے پاکستان ٹیم میں آنا رک نہیں سکتا۔ مکی آرتھر کہہ چکے ہیں کہ کامران اکمل اچھے بیٹسمین ہیں، انھیں ویسٹ انڈیز میں موقع دیا گیا تھا لیکن ان کی فیلڈنگ بہت خراب رہی تھی۔کامران اکمل کا کہنا ہے کہ انھیں پاکستانی ٹیم میں واپسی کی امید ہے۔ ایک بندے کی وجہ سے کوئی لڑکا رک نہیں سکتا۔ کوچ کی اپنی سوچ ہے۔ ہم اپنی کرکٹ کھیل رہے ہیں ہمیں کوئی کرکٹ کھیلنے سے نہیں روک سکتا۔