سرینگر//لبریشن فرنٹ (حقیقی) چیئرمین جاوید احمد میر نے بمنہ سرینگر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تنازعہ کشمیر اقوامِ متحدہ میں سب سے دیرینہ تنازعہ ہے جو حل طلب ہے۔ شہدائے جنوبی کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جاوید میر نے کہا کہ عالمی طاقتوں اور بھارتی حکومت نے سر زمینِ کشمیر کو انسانیت سوز حربوں ، ظلم و جبر کرنے کی تجربہ گاہ بنا ئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرزمینِ کشمیر پر جاری قتل و غارت گری ،ہلاکتوں ،بے چینی کے حوالے سے عالمی برادری ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی ذرائع ابلاغ آگ پر پیٹرول چھڑکنے کا کام کر نے کے ساتھ ساتھ بی جے پی حکومت کا بھر پور تعاون پیش کر رہی ہے اور دوسری طرف کشمیری نوجوانوں طالبِ علموں ، تجارت پیشہ افراد کو اب بھارت کی مختلف ریاستوں سے لے کر کشمیر تک گرفتار کرنے کا نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔انھوں نے کہا جمہوریت اور امن کا دعویٰ کرنے والے بھارتی حکمران پُر امن طریقے سے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے والے آواز اور سفارتی ذرائع کو ختم کرکے کشمیری حریت پسند قیادت پر دھونس دبائو دہشت پسندی کا فارمولہ استعمال کر کے خود بھارتی جمہوریت کا بیڑا غرق کررہے ہیں۔