سرینگر //وادی میں سرد ترین دنوں پر مشتمل سردیوں کے بادشاہ ’’چلہ کلان‘‘ 40روز کیلئے آج سے تخت نشین ہورہا ہے۔چلہ کلان کی آمد پربالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں تازہ بارشوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے سال نو کی آمد تک موسم مجموعی طور ابر آلود لیکن خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔اس دوران وادی بھرمیں کم سے کم درجہ حرارت میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث شبانہ سردی کی شدت کم ہوئی ہے۔ قابل زکرہے کہ امسال چلہ کلان شروع ہونے سے قبل ہی وادی میں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو ملا ۔معلوم رہے کہ 21 دسمبر سے 31جنوری تک40دنوں تک رہنے والے چلہ کلان میں عمومی طور پر سردی کے ریکارڈ قائم ہوتے رہے ہیں۔ اس موسم میں پانی کی سطح جم جانے کے علاوہ نل بھی جم جاتے ہیں اورسردی اپنے شباب پر ہوتی ہے۔چلہ کلان کے بعد چلہ خورد کے 20دن اور چلہ بچہ کے10دن بھی ہوتے ہیں اور یہ فروری کے آخر تک شدید سردی کے تین مرحلے ہوتے ہیں۔اسی موسم میں سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا جاتا ہے اور بارش کے علاوہ برف باری بھی ہوتی ہے اور شدید سردی کی لہر نہ صرف شہر سرینگر بلکہ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی جاری رہتی ہے ۔بیشتر آبی ذخائر بشمول سیاحوں کی تفریح کا مرکز شہرہ آفاق جھیل ڈل کے بیشتر حصے اور پانی کے نل منجمند ہوجاتے ہیں ۔وادی کے لوگ اکثر چلہ کلان کا مقابلہ کرنے کیلئے گرم ملبوسات ،کانگڑیاں اور گیس بخاریوں کا انتظام کر کے رکھتے ہیں جبکہ وادی کے اکثر علاقوں میں لوگ پہلے سے ہی سوکھی سبزیوں کا ذخیرہ کر کے رکھتے ہیں ۔کشمیر وادی میں اس موسم میں لوگ کھانے پینے کی چیزوں میں بھی بدلائو کرتے ہیں جہاں اس موسم میں لوگ گرم پانی کا استعمال کرتے ہیں وہیں دالیں ، سوکھی سبزیاں ، سوکھی مچھلیاں پہلے سے ہی دکانوں سے خرید کر رکھی جاتی ہیں جبکہ کئی ایک لوگ اپنے گھروں میں سبزیوں کو سکھاتے ہیں ۔چلہ کلان کا آغاز جہاں آج سے ہو رہا ہے وہیں اس سے ایک دن قبل ہی منگل اور بدھ کی درمیانی رات وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ سیاحتی مقامات گلمرگ ، سونہ مرگ ،گگن گیر ،زوجیلا ، کولن ،یوس مرگ ، پیر کی گلی کے علاوہ کپوارہ کی نستہ چھن گلی ، پھرکیاں ٹاپ ، مژھل کی زیڈ گلی پر ہلکی برف باری ہونے کی اطلاع ہے۔شہر سرینگر میں بدھ کو دن میں اگرچہ مطلع ابرالود رہا تاہم بارش نہیں ہوئی تاہم وادی کے کچھ ایک میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے صوبائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے لوگوں کو آنے والی سردیوں کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر کے آخرتک وادی میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے اور اس بیچ کچھ ایک بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہو سکتی ہے لیکن یہ صورتحال مجموعی طور موسم پر اثر انداز نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نئے سال کی آمد تک دن اور رات کے درجہ حرارت میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔