عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سخت ترین سردی کا 40 دن کا دورانیہ چِلہ کلان، ، ہفتہ کے روز وادی میں شروع ہوا اور چلہ کلان کی آمد ہی بہت سخت ثابت ہوئی۔ پہلے روز ہی سرینگر میں دسمبر کی پانچ دہائیوں میں سب سے سرد رات منفی 8.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے دیگر حصوں میں بھی کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گر گیا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دسمبر 1974 کے بعد یہ سرینگر کی سرد ترین رات تھی، جب شہر کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، اور 1891 کے بعد تیسری سرد ترین رات تھی۔اس مہینے میں سرینگر کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت 13 دسمبر 1934 کو منفی 12.8 ڈگری سیلسیس تھا۔آزاد موسمیاتی ماہر کا کہنا ہے کہ سرینگر میں 1990 کے بعد دسمبر کی سب سے سرد رات ریکارڈ کی گئی ہے، اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت منفی 12.8 تھا جو 13 دسمبر 1934 کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔شدید سردی کی وجہ سے یہاں کی مشہور ڈل جھیل کے کچھ حصوں سمیت کئی آبی ذخائر منجمد ہو گئے اور شہر کے کئی علاقوں اور وادی کے دیگر مقامات پر پانی کی سپلائی لائنیں بند ہو گئیں۔جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ گلمرگ میں منفی 6.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔کونہ بل، پانپور شہر کے مضافات میں واقع ایک بستی، وادی کا سب سے سرد موسمی اسٹیشن تھا جس کا کم از کم درجہ حرارت منفی 10.5 ڈگری سیلسیس تھا۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.2 ڈگری سیلسیس، کپواڑہ میں منفی 7.2 ڈگری سیلسیس اور کوکرناگ میں منفی 5.8 ڈگری سیلسیس رہا۔یہ 1998 کے بعد دسمبر میں کپواڑہ کا سب سے کم درجہ حرارت تھا اور اس مہینے میں اب تک کا 9واں کم ترین درجہ حرارت تھا۔ جنوبی کشمیر کے شوپیان میں منفی 10.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ اننت ناگ میں منفی 10.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو وادی میں سب سے کم ہے۔پلوامہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.3 ڈگری سیلسیس رہا جبکہ کولگام میں یہ منفی 6.8 ڈگری سیلسیس پر رہا۔محکمہ موسمیات نے 26 دسمبر تک موسم بنیادی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے اور 21-22 دسمبر کی درمیانی رات وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس نے کہا کہ27 دسمبر کی سہ پہر سے لے کر 28 دسمبر کی دوپہر تک اونچی جگہوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ 29-30 دسمبر کو موسم بنیادی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ نئے سال کے موقع پر بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ الگ تھلگ مقامات پر سردی کی لہر آئندہ چند روز تک جاری رہے گی۔چلہ کلانکے 40 دنوں کے دوران، برف باری کے امکانات سب سے زیادہ ہوتے ہیں اور درجہ حرارت کافی گر جاتا ہے۔