عظمیٰ نیوز سروس
جموں//پاکستانی فوجیوں نے جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (کے ساتھ مختلف سیکٹروں میں بلا اشتعال چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ حکام نے اتوار کو کہاکہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات مرکز کے زیر انتظام علاقے کے پانچ اضلاع میں پھیلے آٹھ مقامات سے پاکستان کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی لیکن کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔یہ جموں و کشمیر میں سرحد پار سے بلا اشتعال فائرنگ کی مسلسل 10ویں رات تھی، جو 22 اپریل کو پہلگام میںملی ٹینٹ حملے کے بعد بڑھی ہوئی کشیدگی کے درمیان تھی جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔”3 اور 4 مئی کی رات ، پاکستانی فوج کی چوکیوں نے جموں کشمیر میں کپواڑہ، بارہمولہ، پونچھ، راجوری، مینڈھر، نوشہرہ، سندربنی اور اکھنور کے بالمقابل علاقوں میں ایل او سی کے پار بلا اشتعال چھوٹے ہتھیاروں سے گولہ باری کی، ہندوستانی فوج نے فوری اور متناسب طور پر جواب دیا،”۔ادھر لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا دائرہ اب پونچھ، راجوری، مینڈھر اور نوشہرہ سیکٹروں تک پھیل چکا ہے ۔ رات بھر جاری رہنے والی شدید گولہ باری نے سرحدی بستیوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے ، اور مقامی مکین اپنی جانیں بچانے کے لیے زیر زمین بینکروں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔