جموں//سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر گذشتہ رات پاکستانی فوج کی فائرنگ سے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کا ایک کانسٹیبل جاں بحق ہوا۔ مہلوک بی ایس ایف کانسٹیبل کی شناخت دیویندر سنگھ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے گذشتہ نصف شب کو سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی جس میں بی ایس ایف کا ایک اہلکار جاں بحق ہوا۔ انہوں نے بتایا ’پاکستان کی طرف سے گذشتہ رات قریب ایک بجکر 20 منٹ پر سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر 173 بٹالین بی ایس ایف پوسٹ کو نشانہ بناکر شدید فائرنگ کی گئی۔ اس میں بی ایس ایف کا ایک جوان شدید طور پر زخمی ہوا‘۔ ذرائع نے بتایا ’زخمی جوان کو فوجی اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا‘۔ انہوں نے مزید بتایا ’طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ قریب ایک گھنٹے تک جاری رہا‘۔ بی ایس ایف کانسٹیبل دیویندر سنگھ کی ہلاکت کے ساتھ جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر رواں برس جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 33 ہوگئی ہے۔اس دوران پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں میڈیا نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ بٹل سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی افواج کی فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا۔مقامی پولیس کے عہدیدار محمد عزیز کے مطابق بٹل سیکٹر کے گاؤں ڈارہ شیر خان میں سرحدی فائرنگ سے درخت کاٹنے والا 55 سالہ مظفر چوہدری زخمی ہوگیا۔فائرنگ کے واقعے کے بعد طبی امداد کے لیے مظفر چوہدری کو اہل خانہ کی جانب سے 7 کلو میٹر دور علاقے میں منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔