رمیش کیسر +سمت بھارگو
راجوری//فوج کے مطابق سرحد پر تعینات فوجی جوان دراندازی اور بارڈر ایکشن ٹیم کے حملوں جیسے سنگین چیلنجز کے باوجود غیر متزلزل عزم اور قربانی کے جذبے کے ساتھ مادر وطن کا دفاع کر رہے ہیں۔ بارشوں کے موسم کی سخت صورتحال میں بھی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو قبل از وقت ناکام بنایا جا سکے۔فوج کی جانب سے یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا جب میڈیا کے نمائندوں کو شاذ و نادر ہی ملنے والا موقع دیا گیا کہ وہ سندر بنی کے دور دراز علاقوں میں ایل او سی کی صورتحال کا مشاہدہ کریں۔ فوج نے اس موقع کو اپنے جوانوں کی جرات، ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کا مظہر قرار دیا۔بیان میں کہا گیا کہ حسین مگر کٹھن پہاڑی مناظر کے درمیان تعینات یہ جوان تمام تر مشکلات کے باوجود مسلسل مسکراتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ شدید موسمی حالات، تنہائی اور ہر وقت چوکس رہنے کی ضرورت کے باوجود یہ جوان غیر معمولی استقامت اور حوصلے کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔جوانوں نے میڈیا ٹیم کے ساتھ اپنی خدمات اور روزانہ کی قربانیوں کے تجربات شیئر کئے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی بنیادی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ وہ ہر وقت عملی مشقوں اور تربیتی معیار کو برقرار رکھتے ہیں تاکہ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ یہ مستقل ارتقاء اور نئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کا جذبہ بھارتی فوج کی اعلیٰ آپریشنل تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ فوج نے سرحدی نگرانی کے لئے ٹیکنالوجی میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے، جن میں ’اسمارٹ فینس سسٹم‘ خاص طور پر قابل ذکر ہے جو سرحدی سلامتی اور نگرانی کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ میڈیا کے دورے کے دوران فوج نے جدید ساز و سامان بھی پیش کیا، جن میں کوآڈ کاپٹر، جدید نگرانی کے آلات، بلٹ پروف گاڑیاں، آل ٹیرین وہیکلز، جدید اسلحہ اور نائٹ وڑن سائٹس شامل ہیں۔ یہ سب فوج کی اختراعی سوچ اور جدید ٹیکنالوجی کو عملی طور پر اپنانے کی عکاسی کرتے ہیں۔فوج نے مقامی آبادی کے ساتھ اپنے روابط کا بھی ذکر کیا، جس کے ذریعے وہ دور دراز علاقوں میں امن اور ترقی کے فروغ کے لئے کام کر رہی ہے۔ فوج کے مطابق یہ جوان عزت، فرض اور قربانی کی اقدار کے حقیقی علمبردار ہیں اور ان کا اتحاد اور مقصدیت پورے ملک کے لئے ایک تحریک کی حیثیت رکھتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ سرحد پر تعینات ہر سپاہی کی قربانی کو یاد رکھنا اور اس کی عزت کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ان کا عزم اور جرات ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہم سب کو ان کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہیے اور یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہ ہوں۔مشکلات اور غیر یقینی حالات کے باوجود بھارتی فوج کی خدمات اس کے جوانوں کے ناقابلِ شکست حوصلے کی گواہی دیتی ہیں۔ قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ملکی سرحدوں کے تحفظ میں پیش پیش ان بہادر سپاہیوں کا ساتھ ہر حال میں دیا جائے گا۔