عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج ڈاکٹر راج کمار تھاپا ( جے کے اے ایس ) ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنرراجوری جو اپنی رہائش گاہ راجوری کے قریب سرحد پار گولہ باری کی وجہ سے اپنی جان سے محروم ہو گئے ، کی رہائش گاہ کا دورہ کیا ۔ اس نقصان پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اس افسر کی لگن اور اعلیٰ قربانی کو تسلیم کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی خدمت اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ۔ غم کی اس گھڑی میں حکومت ان کے کنبہ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے ۔ ڈاکٹر تھاپا راجوری قصبہ میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے جبکہ پاکستانی گولہ باری کی وجہ سے انہیں اپنی جان گنوانا پڑی ۔ ان کے انتقال سے انتظامی اور سول برادری میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہم جے اینڈ کے انتظامی خدمات کے ایک سرشار افسر کو کھو چکے ہیں ۔ ابھی کل ہی وہ ضلع میں نائب وزیر اعلیٰ کے دورے کے دوران ان کے ہمراہ تھے اور انہوں نے میری صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں آن لائن شرکت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس اس صدمے کو ظاہر کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں ۔ انہوں نے ان کی روح کی شانتی کیلئے دعا کی ۔