راجا ارشاد احمد
گاندربل //گاندربل پولیس نے اسلحہ اور گولہ بارود کی تربیت حاصل کرنے کے لئے غیر قانونی طور پر سرحد پار پاکستان جانے والے 3 افراد کی 3 کروڑ 47 لاکھ روپے مالیت کی 9 کنال7 مرلہ زرعی اراضی کی شکل میں غیر منقولہ جائیداد ضبط کرکے سرکاری تحویل میں لے لی ہے۔ یہ ساری کاروائی ایڈیشنل سیشن جج گاندربل کی عدالت نے مقدمہ زیر نمبر 48/2009 U/S 13 ULAP پولیس سٹیشن کھیربھوانی میں جاری کیا ہے۔جن تین افراد کی جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں ان کی شناخت فردوس احمد وانی ولد مرحوم غضنفر احمد ساکن تریسا صفاپورہ ،محمد رمضان بٹ ولد مرحوم غلام رسول ساکن بٹہ پورہ صفاپورہ اور محمد ایوب گنائی ولد مرحوم غلام رسول گنائی ساکن صفا پورہ گاندربل کے بطور ہوئی ہے۔ یہ فیصلہ ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے جو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (UAPA) کے دائرے میں آتے ہیں۔