عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) کشمیر فرنٹئر اشوک یادو کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اس پار دہشت گرد لانچنگ پیڈز پر موجود ہیں اور وہ کشمیر میں در اندازی کرنے کے انتظار میں ہیں۔انہوں کہا کہ تاہم سیکورٹی فورسز چوکس ہیں اور وہ ایسی کسی بھی سرگرمی کو ناکام بنانے کے لئے تیار ہیں۔موصوف آئی جی نے بتایا: ‘کپوارہ، بانڈی پورہ اور بارہمولہ اضلاع کے بالمقابل ہمارے دائرہ اختیار (اے او آر) میں موجود لانچنگ پیڈز پر دہشت گردوں کی موجودگی دیکھی ہے ‘۔انہوں نے کہا: ‘وہ در اندازی کا موقع تلاش کر رہے ہیں، وہ اکثر خراب موسمی صورتحال میں سرحد پار کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور ان کی کوششیں مسلسل جاری رہتی ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم بھی مکمل طور پر تیار ہیں اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں’۔مسٹر یادو نے ان باتوں کا اظہار سری نگر میں ‘سیو ولر رن ود بارڈر مین’ میراتھن کی ٹی سرٹ کی تقریب رونمائی کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف کشمیر میں فوج کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ ایل او سی پر بھی موثر طریقے سے نگرانی کر رہی ہے جس سے دہشت گردوں کو در اندازی کرنا مشکل ہوگیا ہے ۔ان کا کہنا تھا: ‘اس سال دراندازی کی دو کوششیں فورسز کی طرف سے ناکام بنا دی گئیں۔ نگرانی کے نئے آلات اور طریقہ کار کے ساتھ، جو ہم اپنا رہے ہیں، سے کسی کے لئے بھی در اندازی کی کوشش کرنا مشکل ہوگیا ہے ‘۔تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ اگلے دو مہینے ایل او سی پر حساس ہیں جب تک کہ برفباری سے پہاڑی راستے بند نہ ہوجائیں۔آئی جی نے کہا کہ ‘نومبر تک، دراندازی کے امکانات کچھ زیادہ ہیں، کیونکہ اس کے بعد یہ راستے تقریباً چھ ماہ تک بند ہو جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مسلسل لوگوں کو اس طرف دھکیلنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ ہم فوج کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں وہاں در اندازی بہت مشکل ہے ۔