عظمیٰ نیوز سروس
جموں //این آئی اے نے بدھ کو جموں بھر میں سرحد پار سے ملی ٹینٹوںکی دراندازی کی تحقیقات کے حصے کے طور پر 12 مقامات پر تلاشی لی، جن میں ملی ٹینٹوں کے ہمدردوں کے ٹھکانے بھی شامل ہیں۔این آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ جن احاطوں پر چھاپے مارے گئے، ان میں اوور گرانڈ ورکرز کے گھر شامل ہیں جو کہ لشکر طیبہ اور جیش محمد ، جیسی ممنوعہ تنظیموں کی نئی تشکیل شدہ شاخوں سے منسلک ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دراندازی کا معاملہ سیکورٹی فورسز اور شہریوں پر کئے گئے حملوں کے سلسلہ سے جڑا ہوا ہے جو کچھ مہینے پہلے ملی ٹینٹ تنظیموں کی طرف سے حکومت ہند کے خلاف جنگ چھیڑنے کی ایک بڑی مجرمانہ سازش کے حصے کے طور پر کیا گیا تھا۔آپریشن کے ایک حصے کے طور پر جموں ضلع میں کل 12 مقامات کی تلاشی لی گئی، اورکئی مجرمانہ مواد کو ضبط کیا گیا۔ اس نے مزید کہا کہ NIA کی ٹیمیں ان کی جانچ کر رہی ہیں۔این آئی اے نے کہا، “ان تنظیموں کے ہمدردوں اور کیڈروں کے ٹھکانوں کی بھی اس معاملے میں انسداد دہشت گردی ایجنسی کی طرف سے کی گئی کارروائی کے حصے کے طور پر تلاشی لی گئی۔”رپورٹس میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کو سرحدی علاقوں میں رہنے والے معاونین اور دیگرساتھیوں نے سہولت فراہم کی۔ تحقیقاتی ایجنسی نے کہا کہ لاجسٹک مدد، خوراک، پناہ گاہ اور رقم فراہم کرنے کے علاوہ، مشتبہ افراد جموں صوبے کے دشوار گزار علاقوں سے ان کی رہنمائی کرنے میں ملوث تھے تاکہ ان کا محفوظ راستہ یقینی بنایا جا سکے۔