جموں+اسلام آباد// آر ایس پورہ سیکٹر میں ایک بار پھر آر پار گولہ باری اور شلنگ سے دو اہلکار ہلاک جبکہ 12افراد زخمی ہوئے جن میں کئی اہلکار بھی شامل ہیں۔اس دوران ٹنگڈار میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار مارا گیا جبکہ ایک زخمی ہوا۔پولیس نے بتایا ہے کہ جمعرات کی صبح ّآر ایس پورہ کی اگلی عبدالیاں چوکی پر پاکستان کی فائرنگ میں بی ایس ایف کے ہینڈکانسٹبل جتیندر کمار کو گولی لگی اور ہسپتال لے جاتے وقت اس نے دم توڑ دیا۔وہ بہار کے موتیہاری ضلع میں رکسول گاؤں کا رہنے والا تھا۔پاکستان کی جانب سے رات بھر فائرنگ ہوتی رہی جس سے لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول رہا۔وہیں جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب دو سیکٹروں میں رہائشی علاقے اور ہندوستانی سرحدی چوکیوں پر پاکستانی رینجرز کی مسلسل کی گئی گولہ باری میں بی ایس ایف کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔بی ایس ایف کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں پاکستان کا ایک رینجرس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا تاہم پاکستان کی طرف سے اسکی تصدیق نہیں کی گئی۔ترجمان نے کہا کہآر ایس پورہ کے کھو پربستی میں ہونے والی فائرنگ میں چھ عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں ان سب کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ زخمیوں کے نام جوتی شرما زوجہ راجندر شرما، راج رانی زوجہ بچن لال، لکی شرما ولد سوبھاش، ابھے شرما ولد سو بھاش شرما، ادے شرما ولد سوراج پال اور شانو دیوی ہیں یہ سب رائے پورکے بائی بستی کے رہنے والے ہیں۔قبل ازیں اس ہفتے بی ایس ایف کے دو جوان گرنام سنگھ (ارنیہ جموں) اور سشیل کمار (کرکشتر ہریانہ )پاکستان کی فائرنگ میںمارے جاچکے ہیں۔پاکستان نے آر ایس پورہ اور ارنیہ سیکٹر میںرات کو اگلی چوکیوں اور گاؤؤں پر گولے برسائے جس میں ایک درجن سے زیادہ مویشی مرگئے جبکہ 10 مکانات کو جزوی طور سے نقصان پہنچایا۔ سرحد کے آس پاس رہنے والوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے خصوصاً رات کو انہیں باہر نکلنے سے احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے ۔اس دوران ٹنگڈار سیکٹر میں اس وقت ایک فوجی اہلکار مارا گیا جب ایک پٹرولنگ پارٹی پر جنگجوئوں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔پولیس کے مطابق غنڈہ پوسٹ کے نزدیک فائرنگ کے نتیجے میں رایفل مین سندیپ کمار ہلاک اور زخمی کی پردیپ بھنڈاری کے بطور ہو ئی ہے۔ ان کا تعلق فوج کی چھ گڈ وال سے بتایا جا رہا ہے۔ اس دوران پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ورکنگ باؤنڈری پر ہرپال اور چپراڑ سیکٹر میں بھارتی اور پاکستانی افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 5 پاکستانی شہری زخمی ہوئے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان رینجرز کی جانب سے بھرپور جواب دیتے ہوئے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے ہندوستان کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔گذشتہ روز بھی ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستان کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 پاکستانی شہری جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے تھے، جس پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں اور دو شہریوں کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا تھا۔