عظمیٰ نیوزسروس
جموں// وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کی سرحدی بستیوں کے لوگوں نے ہمیشہ بہادری کا مظاہرہ کرکے دشمن کا مقابلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سرحدی لوگوں نے ملک کی سالمیت کو بر قرار رکھنے کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہماری فوج مضبوط ہے اور لوگوں اور سرحدوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے ۔موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز مینڈھر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔سرحدوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘ہماری سرحدی بستیوں کے لوگوں نے ہمیشہ بہادری کا مظاہرہ کرکے دشمن کا مقابلہ کیا ہے ‘۔ان کا کہنا ہے : ‘دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی سے لوگ سہمے ضرور ہیں لیکن سرحدی لوگوں نے ہمیشہ ملک کی سالمیت کے لئے قربانیاں پیش کی ہیں’۔ملک کی فوج پر پورا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے جاوید احمد رانا نے کہا: ‘ملک کی فوج مضبوط ہے اور لوگوں اور سرحدوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے ‘۔انہوں نے کہا: ‘جہاں جموں وکشمیر کے اتحاد کے لئے پولیس، سیکورٹی فورسز اور عام لوگوں کی قربانیاں ہیں وہیں فوج کا بھی بہت بڑا رول ہے اور ہماری فوج کا دنیا میں ایک نام ہے ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘پہلگام واقعے سے پورا ملک غم میں ہے ، ملک میں ماتم کا ماحول ہے ،میری سیکورٹی فورسز اور انٹلی ایجنس ایجنسیوں سے گذارش ہے کہ وہ مرتکبین کو تلاش کرنے کے لئے محنت کریں تاکہ وہ ہاتھ لگ جائیں’۔انہوں نے کہا: ‘جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے پاکستان نے ہمیشہ خرابیاں کی ہیں، یہاں لوگوں کا قتل عام کیا ہے ، ہمیں مجرموں کو ضرور سزا دینی ہے لیکن کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرنا ہے جو ہمارے وشو گرو بننے میں رکاوٹ بن جائے ‘۔یو این آئی