مینڈھر//اگر چہ موجودہ حکومت نے بر سر اقتدار آنے سے قبل سرحدی علاقوں میں بسنے والوں کو محفوظ مقامات پر پلاٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی تاہم اقتدار میں آنے کے بعد جہاں دوسرے کئی وعدوں کی طرح بر سر اقتدار اتحاد، بالخصوص بی جے پی کا یہ وعدہ بھی سراب ثابت ہوا وہیں پچھلی کئی دہائیوں سے بین الاقوامی سرحد اور حد متارکہ کے قریبی علاقوں میں بنکروں کی تعمیر کا مسئلہ ٹیڑھی کھیر بنا ہوا ہے ۔ اگر چہ مرکزی حکومت کی طرف سے 100بنکروں کی تعمیر کے لئے رقومات کی فراہمی کا دعویٰ بھی کیا جاتا رہا ہے لیکن اول تو یہ بنکر بھی تعمیر نہ ہو سکے اور جو ہو بھی رہے ہیں ان میں ان رہائشی علاقوں کو پور ی طرح سے نظر انداز کر دیا گیا ہے جو آئے روز آر پار فائرنگ کی زد میں رہتے رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ریاستی حکومت نے قریب 6000بنکروں کی تعمیر کی ضرورت ظاہر کی ہے لیکن مرکز نے صرف 100بنکروں کی تعمیر کو ہری جھنڈی دکھا کر اونٹ کے منہ میں زیرہ دینے کی کوشش کی ہے ۔ اگر یہ 100بنکر تعمیر بھی ہو جاتے ہیں تو ان میں بھی صرف 1200سے 1500افراد ہی پناہ لے سکیں گے۔حد متارکہ پر گولہ باری سے ضلع پونچھ کے ساﺅجیاں، منکوٹ، مینڈھر اور کرشنا گھاٹی سیکٹر وغیرہ سب سے زیادہ متاثر رہے ہیں، حکومت کی طرف سے جموں کے سرحدی علاقوں کے ساتھ ساتھ راجوری کے نوشہرہ علاقہ میں بھی زمین دوز اور پختہ بنکروں کی تعمیر کا کام شروع ہو چُکا ہے لیکن سرحدی ضلع پونچھ میں ابھی تک کام نہیں شروع کیا گیا ۔ اِس سلسلہ میں مینڈھر کی عوام نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ سرحدی کشیدگی مینڈھر کے بالاکوٹ ،منکوٹ ،کرشناگھاٹی اور مینڈھر سیکٹروں میں ہوتی ہے اور اس کے نتیجہ میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیںجن میں نمبردار بالاکوٹ رفیق خان اور سرپنچ بالاکوٹ کی ہلاکتیں بھی شامل ہیں تاہم سرکار نے ابھی تک ان علاقوں کو نظرانداز رکھاہواہے اور بنکروں کی تعمیر ایک خواب ہی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ فوری طور بنکر تعمیر کرنے کا کام شروع کیا جائے تاکہ لوگوں کی قیمتی جانیں ضائع نہ ہوں ۔اِس سلسلہ میں جب ایس ڈی ایم مینڈھرسے جب بات ہوئی تو اُن کا کہنا تھا کہ انہوں نے بینکر بنانے کی تجویز BADPسکیم کے تحت رکھی ہے لیکن یہ سارا سلسلہ ضلع سطح پر ہوگا ۔ اِس سلسلہ میں جب ڈپٹی کمشنر پونچھ سے بات کی گئی تو اُن کا کہنا تھا کہ ضلع پونچھ کے لئے تین ہزار بنکروں کی تجویز بنا کر انہوں نے BADP کے تحت بھیج دی ہے اوروہ جلد ایک میٹنگ کر کے جگہ تجویز کر کے بینکروں کا کام شروع کریں گے۔