اوڑی//پونچھ سیکٹر میں ہند وپاک افواج کے درمیان حالیہ گولہ باری کے بعد اوڑی کنٹرول لائن پر رہائش پذیر آبادی کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ اگر چہ اوڑی سیکٹر کی سرحدیں ابھی خاموش ہیں مگر پونچھ اور نوشہرہ سیکٹر میں ہندو پاک افوج کے درمیان حالیہ گولہ باری کے بعد اوڑی کنٹرول لائن پر رہنے والے لوگوں میں ایک بار بھر خوف و حراس کا ماحول پیدہ ہو گیا ہے اور لوگوں کو خدشہ ہے کہ کبھی بھی اوڑی سیکٹر سے بھی گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوسکتا ہے۔کئی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس صورتحال میں انہیں چھپنے کیلئے زیر زمین بینکر بھی دستیاب نہیں ہیں۔اوڑی کنٹرول لائن پر واقع گاوں، ہتھلنگا، صورہ، موٹھل، سلی کوٹ، بلکوٹ، تلاواڑی، تھاجل، چرنڈہ، بٹگراں، گولن، گولتہ، اڑوسہ، دلانجہ، چوٹالی اورلچھی پورہ کے رہنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے انہوں نے راحت کی سانس لی تھی مگر پونچھ اور نوشہرہ سیکٹر میں گولہ باری کے بعد ان میں تشویش کی لہر پائی جارہی ہے ۔اُن کاکہنا ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کو اُس صورتحال میں کہاں لے جائیں گے ۔ انہوںنے ریاستی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ اوڑی کنٹرول لائن پر واقع دیہات میں زیر زمین بینکر تعمیر کئے جائیں تا کہ ایسے حالات میںوہ اپنی جانیں بچاسکیں۔