جموں //سرحدوں پر گولہ باری سے متاثر ہوئی آبادی کو محفوط مقامات کی طرف منتقل کرنے اور انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ یہ سچ ہے کہ سرحدوں پر گولہ باری سے حالات کشیدہ ہیں اور لوگوں نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔ قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ممبر اسمبلی نوشہرہ رویندر رانا اپنی نشست سے کھڑے ہوئے اور اسپیکر سے مخاطب ہو کر کہا کہ نوشہرہ کے سرحدی علاقوں میں تازہ گولہ باری ہوئی ہے جس کے نتیجے میں وہاں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گولہ باری کی وجہ سے مکینوں نے گھر بار چھوڑ دیا ہے ۔لہٰذا سرکار کو اُن سرحدی علاقوں میں لوگوں کا حال جاننے کیلئے ایک ٹیم کو روانہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے اسکول بند ہیں اور کئی مکانوں کو بھی نقصان ہوا ہے ۔اس بیچ ممبر اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی بھی اپنی نشست سے کھڑے ہوئے اور رویندر رانا کا ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ایک ٹیم کو روانہ کیا جائے جبکہ رانا نے نائب وزیر اعلیٰ سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ اس سلسلے میں جواب دیں اور ایک ٹیم کو ان سرحدی علاقوں میں روانہ کرنے کیلئے اقدمات کریں ۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ گولہ باری کے نتیجے میں وہاں کافی لوگ پریشان ہیں اور نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول پر رہنے والے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنائے اور انہیں محفوظ پناہ گاہوں سمیت ہر طرح کی ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔