جموں// ریاستی سرکار نے ہندپاک حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اٹل بہاری واجپائی کی طرح سرحدوں پر کشیدگی کے خاتمہ کیلئے جنگ بندی کرکے بات چیت کا سلسلہ شروع کریں۔ قانون ساز اسمبلی میں گولہ باری سے ہوئے نقصان پر مکمل جانکاری دیتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے کہا کہ گذشتہ کئی دنوں سے سرحدوں پر حالات کشیدہ ہیں، گولہ باری ہو رہی ہے، لوگ مر رہے ہیں اور اس کیلئے بہتر یہی ہے کہ دونوں ممالک سرحدوں پر امن وامان کی صورتحال دوبارہ بحال کرنے کیلئے واجپائی کے نقش قدم پر چل کر 2003میں شروع کی گئی جنگ بندی کی طرح ایک فیصلہ لیں ۔ایوان میں بیان دینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ویری نے کہا کہ جب تک ہندپاک کے درمیان بات چیت نہیں ہو گی ،تب ایسے واقعات رونما ہوں گے ۔انہوں نے دونوں ممالک سے اپیل کی کہ وہ سرحدی آبادی کو پرامن زندگی گزرنے کیلئے ا فہام و تفہیم کے ساتھ مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہاکہ بات چیت کیلئے دونوں ممالک کو پہل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو اُس سے فائدہ پہنچے ۔