ایجنسیز
جے پور// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ دنیا کو ایک مضبوط پیغام گیا ہے کہ کسی کو بھی ہندوستان کے شہریوں، اس کی سرحدوں یا اس کی دفاعی افواج کے ساتھ گڑبڑ نہیں کرنی چاہئے، اور جو لوگ ایسا کرتے ہیں انہیں اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ پہلگام ملی ٹینٹ حملے کے بعد پاکستان میں انکے کیمپوں کو تباہ کرنے کے لیے کیے گئے آپریشن سندور کا حوالہ دیتے ہوئے شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو محفوظ بنانے کا سب سے بڑا کام کیا ہے۔ کانگریس کے دور میں ملک کو تقریبا ًہر روز ملی ٹینٹ حملوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب اوڑی حملہ ہوا تو مودی نے فیصلہ کن کارروائی کی اور سرجیکل اسٹرائیک کی گئی۔ پلوامہ حملے کے بعد فضائی حملہ کیا گیا اور جب پہلگام میں حملہ ہوا تو آپریشن سندور شروع کیا گیا، پاکستان کے اندر ملی ٹینٹوں کو نشانہ بنا کر انہیں ختم کیا گیا۔انہوں نے کہا”مودی کے اقدامات نے عالمی سطح پر ایک مضبوط پیغام بھیجا ہے،ان کے ذریعے مودی نے دنیا کو ایک طاقتور پیغام دیا کہ ہندوستان کے شہریوں، مسلح افواج اور سرحدوں کے ساتھ گڑبڑ نہیں ہونی چاہیے،جو بھی ایسا کرنے کی ہمت کرے گا اسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا،”۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی نے ایک خوشحال، محفوظ اور ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔