نئی دہلی // بھارت کے نئے آرمی چیف جنرل بپن راوت نے پاکستان کو مزید سرجیکل سٹرائیکس کی دھمکی دیتے ہوئے سرجیکل سٹرائیکس کو ضروری پیغام قرار دیا ۔ ایک ٹی وی چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں جنرل بپن راوت نے کہا کہ اگر سرحد پار دہشتگردوں کے اڈے ہوں اور اگر وہ کنٹرول لائن کے ہماری جانب مسلسل حالات خراب کررہے ہوں تو ان دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہمارا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سرجیکل سٹرائیکس کرنے کا مقصد اسے ضروری پیغام دینا تھا، اس طرح کی مزید کارروائیاں بھی خارج ازامکان نہیں، سرجیکل سٹرائیک سرحد پار سے آنے والے دہشتگردوں سے نمٹنے کے طریقوں میں شامل ایک طریقہ ہے۔ ہم ایسے دوسرے طریقوں پر بھی کام کررہے ہیںجن میں فوجی طریقے اور غیر فوجی طریقے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرجیکل سٹرائیکس کیلئے بہت منصوبہ بندی اور تیاری کی گئی تھی جنہیں پوشیدہ رکھا گیا، منصوبہ بندی میں نہ صرف حکمت عملی کو خفیہ رکھنا تھا بلکہ فوجیوں کا تحفظ بھی یقینی بنانا تھا، کامیاب سرجیکل سٹرائیکس کا سہرا میرے پیشرو اور فوجی جوانوں کے سر ہے جنہوں نے اس آپریشن کیلئے صحیح منصوبہ بندی کی، ان حملوں کو صحیح وقت پر مانیٹر کیا گیا۔