سرینگر//پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹرفیصل نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ایک مرتبہ پھر 2016 میں مبینہ طور پر کیے گئے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد مرتبہ بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیکس کی تردید کر چکے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوؤں پر کہا کہ بار بار جھوٹ کو دہرانے سے جھوٹ سچ نہیں بن جاتا جبکہ پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیکس کرنے کا بھارتی دعوٰی جھوٹا، کھوکھلا اور بے بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ دہشت گرد اور ان کا سرغنہ کون ہے، جیسا کہ بھارت، پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حراست میں موجود بھارتی فورسز کے کمانڈر کلبھوشن یادیو اس بات کا ثبوت ہے کہ کون دہشت گردی میں ملوث ہے۔بھارتی فضائیہ کی جانب سے لڑاکا طیاروں کی تعداد دو گنا کرنے سے متعلق ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون ایک جانب، ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس موقع پر انہوں نے ایک شعر بھی بڑھا کہ ’سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے، دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے‘۔ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستانی کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے کسی بھی کنفیوژن کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کوئی کنفیوژن نہیں اور کسی ملک کے ساتھ غلط فہمیوں کی وجہ اس کے مفادات کو نہ ماننا ہے جیسا کہ ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہمارے اپنے ملکی مفادات ہیں۔