پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر
یو این آئی
لندن/ہندوستان نے محمد سراج (5 وکٹیں) اور پرسدھ کرشنا کی خطرناک گیندبازی (4 وکٹیں) کی بدولت پانچویں ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن پیر کے روز پہلے سیشن میں انگلینڈ کو دوسری اننگز میں 367 رنز پر آؤٹ کر کے مقابلہ 6 رن سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔ہندوستانی کپتان شبھمن گل کو پوری سیریز میں شاندار بلے بازی کرنے پر ‘پلیئر آف دی سیریز’ اور محمد سراج کو آخری میچ میں نو وکٹیں لینے پر ‘پلیئر آف دی میچ’ سے نوازا گیا۔ ہندوستان نے اوول ٹیسٹ کے آخری دن 4 وکٹیں لے کر 6 رنز سے میچ جیتا۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم نے 5 میچوں پر مشتمل اینڈرسن-تیندولکرٹرافی کو بھی 2-2 سے برابر کر دیا۔اس شاندار جیت کے اصل ہیرومحمد سراج نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں لے کر میچ کا پانسہ پلٹا اور ہندوستان کو ایک سنسنی خیز فتح دلائی۔ پیر کو میچ کے آخری دن انگلینڈ کو جیت کے لیے صرف 35 رنز درکار تھے اور اس کے 4 وکٹ باقی تھے ، لیکن سراج نے 3 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم انڈیا کی جیت کویقینی بنا دیا۔انگلینڈ نے کل کے اسکور 339 رنز پر 6 وکٹوں کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ آج صبح سیشن میں، 78ویں اوور کی تیسری گیند پر محمد سراج نے جیمی اسمتھ (2) کو دھروو جوریل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ہندوستان کو ساتویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد سراج نے جیمی اوورٹن (9) کو ایل بی ڈبلیو کر کے ہندوستان کو فتح کے مزید قریب پہنچا دیا۔اس کے بعد پرسدھ کرشنا نے جاش ٹنگ (0) کو بولڈ کر کے ہندوستان کو نویں کامیابی دلائی ۔ پھر 86ویں اوور کی پہلی گیند پر محمد سراج نے ایٹکنسن کا آف اسٹمپ اکھاڑ دیا، اور اسی کے ساتھ ہی ہندوستان نے انگلینڈ کو 367 کے اسکور پر آل آؤٹ کر کے یہ میچ 6 رنز سے جیت لیا۔اس طرح ہندوستان نے پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر لی۔ ہندوستان کی جانب سے محمد سراج نے 30.1 اوورز میں 104 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ پرسدھ کرشنا نے 27 اوورز میں 126 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔ آکاش دیپ کو ایک وکٹ حاصل ہوئی۔ہندوستان نے پہلی اننگز میں 224 رنز بنائے تھے ، جبکہ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 247 رنز بنا کر 23 رنز کی معمولی برتری حاصل کی تھی۔ ہندوستان نے دوسری اننگز میں 396 رنز بنا کر انگلینڈ کو 373 رنز کا ہدف دیا تھا۔