عظمیٰ نیوز سروس
جموں//عالمی یوم سیاحت کے موقع پر جموں توی گالف کورس سدھرا نے بدھ کو خواتین میں مسابقتی جذبے کو ابھارنے کیلئے’ویمن پٹنگ مقابلہ” کا انعقاد کیا۔کئی خواتین کھلاڑیوں نے بڑے جوش اور جذبے کے ساتھ مقابلے میں حصہ لیا۔ اکیتا سیٹھی نے عمدہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور ٹرافی اپنے نام کی جبکہ شردھا گپتا رنر اپ رہیں۔ تیسرا مقام سنیتا آنند نے حاصل کیا۔ مناو گپتا جو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ،نے کہا کہ مقابلہ منعقد کرنا جموں و کشمیر میں خواتین کھلاڑیوں کو گالف کی طرف راغب کرنے اور ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کا ایک اختراعی طریقہ ہے۔
سکریٹری جموں توی گالف کورس مناو گپتا نے کہا کہ جموں میں گالف کو مقبول بنانے کے لیے کئی اقدامات شروع کیے گئے ہیں اور اس طرح کی تقریبات باقاعدگی سے منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ گالف ایک ایسا کھیل بن سکتا ہے جہاں خواتین اور لڑکیوں کو حصہ لینے کے لیے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، ان کا خیرمقدم کیا جاتا ہے اور ان کی پرورش کی جاتی ہے اور اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔مختلف ممتاز گالفرز مبصر لطیفی، راکیش دوبے، اعزاز قیصر، وجے صراف، رمن پرگوترا، ایس سورو سیٹھی، ایس ایس پٹھانیا اور اجے آنند اس موقع پر موجود تھے۔