عظمیٰ نیوز ڈیسک
غزہ//غزہ کی پٹی میں سخت موسمی حالات اور شدید سردی کے نتیجے میں ایک اور شیر خوار جاں بحق ہوگیا۔ سردی سے ٹھٹھر کر فوت ہوجانے والے شیر خوار کی عمر صرف 35دن تھی۔ پیر کے روز فلسطینی معان ایجنسی نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقع شدید سردی کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تعداد میں اضافے کے تناظر میں پیش آیا ہے۔ سردی سے ٹھٹھر کر مرنے والے بچوں کی تعداد8 ہوگئی ہے۔فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے)نے اتوار کو بتایا تھا کہ سرد موسم اور پناہ گاہ کی کمی غزہ میں نوزائیدہ بچوں کی موت کا سبب بن رہی ہے۔ 7,700 نومولود زندگی بچانے والی دیکھ بھال سے محروم ہیں۔ انروا نے خبردار کیا کہ اس کی سرگرمیاں مفلوج ہو سکتی ہیں کیونکہ اس کی کارروائیوں پر پابندی لگانے کا اسرائیلی فیصلہ جاری ماہ جنوری کے آخر میں متوقع ہے۔ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایجنسی پر ممکنہ پابندی کا وقت ختم ہو رہا ہے جو اسے لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کو خدمات فراہم کرنے سے روک سکتا ہے۔ یاد رہے 28 اکتوبر 2024 کو اسرائیلی پارلیمنٹ نے دو قوانین کی منظوری دی تھی۔ پہلے قانون میں انروا کو کام سے روکا گیا تھا۔ یہ قانون تین ماہ کے اندر نافذ ہونے والا ہے۔ دوسرے قانون میں اقوام متحدہ کی ایجنسی کے ساتھ تمام اسرائیلی معاملات کو ختم کرتا شامل کیا گیا تھا اور دستخط کردہ معاہدے کو منسوخ کیا گیا تھا۔اقوام متحدہ نے ان قوانین کو اپنانے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انروا کو اپنا کام جاری رکھنے کی اجازت دے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا احترام کرے۔ غزہ کی پٹی میں 15ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت میں 45800سے زیادہ فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
خان یونس، رفح، نصیرات، جبالیا میں اسرائیلی حملے
نصیرات/عظمیٰ نیوز ڈیسک/اسرائیلی طیاروں نے خان یونس میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا، رفح نصیرات اور جبالیا کیمپوں میں مکانات پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق بے گھر فلسطینی خون جماتی ٹھنڈ میں خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں، ہائپوتھرمیا سے اب تک 8بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔دوسری جانب قطر میں غزہ جنگ بندی معاہدے کے مذاکرات میں اسرائیل کی دی گئی 34یرغمالیوں کی فہرست کی حماس کی طرف سے منظوری دے دی گئی ہے۔حماس کا کہنا ہے کوئی بھی معاہدہ اسرائیلی فوج کے انخلا اور جنگ بندی پر منحصر ہوگا۔