مظفر آباد//حزب المجاہدین نے ریاستی وزیر سجاد غنی لون کو قتل کرنے کے سلسلے میںخفیہ ایجنسیوں کی خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مفروضوں پر گھڑی کہانی صرف اور صرف حزب قیادت کو بدنام کرنے اور ریاست میں ایک خانہ جنگی کا ماحول پیدا کرنے کی ایک سازش ہے ۔حزب ترجمان سلیم ہاشمی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حزب اس بے تکے اور جھوٹ پر مبنی الزام کی سختی سے تردید اور مذمت کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ کسی شخص سے اصولی اور واضح اختلاف کے باوجود حزب کے ضابط اخلاق میں اس کی سرے سے کوئی گنجائش نہیںہے۔بیان کے مطابق حزب سمجھتی ہے کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مزاحمتی قیادت کی کردار کشی کی خاطر قائدین کے بچوں اور عزیزوں کو منی لا نڈرنگ کے نام پر تنگ کیا جاتا ہے اور ایسے افسانے تراشے جاتے ہیں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیری قیادت کی کردار کشی اور ریاست میں حریت پسند عوام کو تقسیم کرنے کی سازشیں 1947سے ہی جاری ہیں ،تاہم مودی سرکار نے روزاول سے ہی ایسی ہی حکمت عملی اپنانے کا وطیرہ اختیار کیا ہے اور وہ اسی پالیسی پر پوری قوت کے ساتھ گا مزن ہیں ۔