سرینگر//سماجی بہبود اور سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر سجاد غنی لون نے آج یہاں انڈور سٹیڈیم میں بہتر ایکسس ایبلٹی اور موبلٹی کیمپ کا آغاز کیا۔اس تین روزہ کیمپ کا اہتمام سماجی بہبود محکمہ نے کمپوزٹ ریجنل سینٹر سرینگر، وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور کیوانی انٹر نیشنل کے تعاون سے کیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ جسمانی طور سے ناخیز افراد کو رسائی کی بہتر سہولیات بہم پہنچانے کے لئے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کیمپوں کے انعقاد سے ہمیں کمزوریوں اور کوتاہیوں کے بارے میں جانکاری ملتی ہے اور اس طرح کے لوگوں کو دی جارہی خدمات میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔اس موقعہ پر جسمانی طور ناخیز افراد کے کمشنر محمد اقبال لون نے کہا کہ گورنر این این ووہرا اور سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون جو ریاست میں اس طرح کے لوگوں کو با اختیار بنانے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں ، کی ہدایات کے مطابق اس طرح کے کیمپوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جن کے دوران مختلف سکیموں کے تحت مصنوعی اعضاء مستحقین میں تقسیم کئے جاتے ہیں۔کیمپ کے کوارڈی نیٹر شمیم احمد جو سی آر سی کے انچارج بھی ہیں، نے اس موقعہ پر کہا کہ کیمپ کے پہلے دن جسمانی طور ناخیز130 افراد کا اندراج عمل میں لایا گیا اور ڈاکٹروں کی ٹیم نے اُن کی تشخیص کی تا کہ انہیں ضروری مصنوعی اعضاء فراہم کئے جاسکیں۔