نیوز ڈیسک
جموں//سی بی آئی نے جمعرات کو جموں و کشمیر ایک سینئر آئی اے ایس افسر کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ قابلِ ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے مبینہ رشوت کی پیشکش کے الزامات میں ایجنسی کی طرف سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے سینئر آئی اے ایس افسر نوین چودھری، پرنسپل سکریٹری زراعت پیداوار اور کسانوں کی بہبود کے محکمے کے گھر پر چھاپے مارے۔
چناب ویلی پروجیکٹس کنسٹرکشن لمیٹڈ کے سابق افسران کی رہائش گاہوں اور ممبئی، نئی دہلی، بہار اور جموں میں ایک کنسٹرکشن کمپنی کے احاطے پر بھی چھاپے مارے گئے۔
یہ چھاپے جموں و کشمیر حکومت کی شکایت پر سی بی آئی کے ذریعے درج بدعنوانی کے ایک کیس کے سلسلے میں مارے گئے تھے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے الزام لگایا ہے کہ انہیں دو فائلوں کو کلیر کرنے کے لئے 300 کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی تھی جسے انہوں نے مسترد کر دیا۔
ملک کے الزام کے بعد، جموں و کشمیر حکومت نے سی بی آئی سے ان الزامات کی تحقیقات کے لیے رابطہ کیا۔