عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، ٹرانسپورٹ اور اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نےملن دی کھوئی، کچریال، تھنگر، کھور کیمپ، کھور بازار، نلریانہ، نئی بستی اور آر ڈی ریزورٹ کا دورہ کیا جہاں گگریال، گرار، سینتھ اور ملحقہ زیرو لائن دیہاتوں کے بے گھر لوگوں نے عارضی پناہ لی ہے۔وزیر موصوف نے متاثرہ کنبوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ان علاقوں کے لوگوں کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا، ’’ان مشکل حالات میں یہاں کے لوگوں کا حوصلہ واقعی قابلِ تعریف ہے۔ حکومت ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ مضبوطی سے کھڑی ہے اور اُنہیں تمام ضروری اِمداد فوری طور پر فراہم کی جائے گی۔‘‘دورے کے دوران ستیش شرما نے مقامی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اشیاء خوردونوش، صحت نگہداشت، صفائی ستھرائی اور عارضی رہائش سمیت ضروری خدمات و سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے متاثرین کی ضروریات کو انسانی ہمدردی کے تحت پورا کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایاکہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت بنکروں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، ضروری سہولیات کی بحالی اور ایمرجنسی مواصلاتی نظام کو مضبوط کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ عوام کی سلامتی اور فلاح و بہبود یقینی بنائی جا سکے۔اس دورے نے حکومت کے اس عزم کو اُجاگر کیا کہ وہ نہ صرف فوری اِمداد فراہم کرے گی بلکہ حساس سرحدی علاقوں میں رہنے والوں کے لئے طویل مدتی معاونت کا طریقۂ کار وضع کرے گی۔