عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر برائے فوڈ، سول سپلائز و کنزیومر افیئرز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، یوتھ سروسز و اسپورٹس، ستیش شرما نے چھمب اسمبلی حلقہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا وسیع دورہ کیا تاکہ زمینی صورتحال کا جائزہ لے سکیں اور جاری ریلیف کارروائیوں پر براہِ راست نظر رکھ سکیں۔وزیر کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس دوران ستیش شرما نے کئی زیرِ آب دیہات کا دورہ کیا جہاں بارش اور سیلابی ریلے نے رہائشی مکانات، کھڑی فصلوں اور مقامی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل غور سے سنے اور انہیں یقین دلایا کہ اس مشکل گھڑی میں حکومت ان کے ساتھ ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ستیش شرما نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت دی کہ بے گھر ہونے والے خاندانوں کی فوری بازآبادکاری یقینی بنائی جائے۔ اس سلسلے میں عارضی رہائش، طبی سہولیات، صاف پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو اولین ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نقصانات کا جامع تخمینہ لگایا جائے تاکہ متاثرین کو بروقت معاوضہ فراہم کیا جا سکے، بالخصوص وہ لوگ جنہیں جانی نقصان، جائیداد اور روزگار کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔وزیر نے کہا کہ عوامی سہولیات میں کسی قسم کا خلل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ضروری اجناس، کھانے پینے کی اشیاء ، ایل پی جی، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بلاتاخیر یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ کوئی بھی گھرانہ، خصوصاً بزرگ، خواتین اور بچے، اس کڑے وقت میں نظرانداز نہ ہوں۔ستیش شرما نے پی ڈبلیو ڈی، پی ایچ ای، پاور اور دیہی ترقیات کے محکموں کے افسران پر زور دیا کہ آپسی ہم آہنگی کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں سڑک رابطہ بحال کرنے، ڈھانچے کی مرمت کرنے اور بجلی و پانی کی فراہمی فوری طور پر یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے محکمہ صحت کو بھی ہدایت دی کہ بدترین متاثرہ دیہات میں موبائل ہیلتھ یونٹس قائم کئے جائیں تاکہ فوری طبی امداد پہنچائی جا سکے اور پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کو روکا جا سکے۔