عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر برائے کھیل کود اور اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ستیش شرما نے ایم اے سٹیڈیم کے کھیلو اِنڈیا سافٹ ٹینس سینٹر کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں سافٹ ٹینس ہونہار کھلاڑیوں کے ساتھ ایک خصوصی اِستفساری سیشن منعقد کیا۔وزیر نے حال ہی میں چین کے جینگ شانگ میں منعقدہ جونیئر سافٹ ٹینس ورلڈ چمپئن شپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں سدھانی سنگھ، سوہم بھٹ اور شریمائی بھٹ کو بھی مُبارک باد دی۔ اُنہوں نے اِنٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی پر کھلاڑیوں کی سراہنا کی اور یقین دِلایا کہ اس اُمید اَفزا کھیل کو ہر لحاظ سے سپورٹ کیا جائے گا۔ اُنہوں نے بین الاقوامی کوچ اور سرپرست اندو بھوشن کی لگن کی بھی ستائش کی جنہوں نے بہت کم وقت میں اعلیٰ صلاحیت کے حامل کھلاڑیوں کو تیار کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت ممکنہ کھیلوں میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے تمام اِمکانات پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔ اُنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اہل کھلاڑیوں کو تمام ضروری سہولیات اور پلیٹ فارم فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اَپنے غیر معمولی کھیلوں کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔کھلاڑیوں نے وزیر موصوف سے استدعا کی کہ وہ سافٹ ٹینس کو ملازمت ایس آر او میں شامل کرنے اور بھگوتی نگر میں دستیاب سٹیٹ لینڈ پر سافٹ ٹینس کورٹس کے قیام کے معاملوں میں مداخلت کریں۔