لہیہ//گورنر این این ووہرا نے سٹکنا لہیہ میں شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائینس اینڈ ٹیکنالوجی کے اہتمام سے منعقدہ ایک سال پر مشتمل باغبانی کے شعبے میں ڈپلومہ کورس کا افتتاح کیا انہوں نے ایچ ایم اے اے آر آئی کے نئے کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا جہاں یہ تربیتی پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ باغبانی کے جدید طور طریقوں سے متعلق یہ تربیتی پروگرام پورے لداخ خطے میں باغبانی کے شعبے کو بلندیوں کی طرف لے جانے کی ضمن میں ایک بڑا قدم ہے ۔ انہوں نے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں سے کہا کہ وہ سنجیدگی سے یہ تربیت حاصل کرکے لداخ خطے میں کاشتکاری ، باغبانی اور سبزیوں کی کاشت کو دوام بخشنے میں اپنا اہم رول ادا کریں ۔ گورنر نے زرعی یونیورسٹی کشمیر کے وایس چانسلر پروفیسر نذیر احمد اور اُن کے ساتھیوں کو سٹکنا میں ہائی ماؤنٹین ایرڈ ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی چیوٹ قائم کرنے اور مقامی کسانوں کیلئے مختلف سہولیات دستیاب رکھنے کیلئے انہیں مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں کئے گئے تحقیق کی بدولت مقامی کسانوں کو کافی فائدہ حاصل ہوا ہے ۔ گورنر نے زراعت ، باغبانی اور سبزیوں کی کاشت میں جاری تحقیقی پروجیکٹوں کی بھی ستایش کی ۔ خاص طور سے گورنر نے موسمِ سرما کے دوران پالی گرین ہاوسز کے اندر سبزیاں اور میوے اگانے کی ستایش کی ۔ لداخ کو تیزی سے ترقی حاصل کرنے والا خطہ قرار دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کشمیر کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت ایسا ممکن ہوا ہے اور ترقیاتی پروگراموں کو آگے بڑھانے میں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ لداخ خود مختیار پہاڑی ترقیاتی کونسل نے بھی بے مثال کوششیں کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لداخ نے پہلے ہی بین الاقوامی سیاحتی نقشے پر اپنا ایک خاص مقام بنا لیا ہے اور سائینسی طرز طریقے پر باغبانی اور بھیڑ و بکری پالن کے بھی اچھے نتایج حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔ گورنر نے اس موقعہ پر دو ترقی پسند کاشتکار سونم سٹنزنگ اور چرنگ انگچک کو بھی زراعت اور پشمینہ بکریاں جدید طریقے پر پالنے کیلئے مبارکباد دی ۔ گورنر نے اس موقعہ پر کے وی کے لہیہ کی طرف سے تیار کی گئی کئی اشاعت کی رسمِ رونمائی انجام دینے کے علاوہ متعلقین میں سائیل ہیلتھ کارڈ ، سلائی مشینیں اور چیکس تقسیم کئے ۔ لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لہیہ کے چئیر مین ڈاکٹر سونم داوا لومپو نے اس طرح کا تربیتی پروگرام لہیہ میں منعقد کرانے کیلئے گورنر کا شکریہ ادا کیا ۔ زرعی یونیورسٹی کے وایس چانسلر ڈاکٹر نذیر احمد نے لہیہ ، نیوما اور کرگل میں کرشی وگیان کیندروں کی طرف سے چلائی جا رہی زرعی سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اس سے پہلے گورنر نے کے وی کے لہیہ میں ایڈمنسٹریشن کم لیبارٹری کمپلیکس کا افتتاح کیا اور وہاں پر لگائے گئے مختلف سٹالوں کا معائینہ کیا اور مقامی کسانوں کے ساتھ بات چیت کی ۔ پروفیسر ایم وائی زرگر ڈائریکٹر ریسرچ سکاسٹ اور ڈاکٹر ٹی ایچ مسعودی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ریسرچ سکاسٹ لہیہ نے کلیدی خطبہ اور شکریہ کی تحریک پیش کی ۔