عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں وکشمیرمیں ستمبر 2023 میں میونسپل اداروں کے انتخابات کرائیں جائیں گے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے منگل 8،اگست کو اسٹیٹ انفارمیٹکس آفیسرسیول سیکرٹریٹ کے نام ایک مکتوب روانہ کیا گیاجس میں متعلقہ آفیسر سے کہاگیاہے کہ ستمبر2023میں منعقد ہونے والے میونسپل انتخابات کیلئے EVMsکی تصادفی سازی اور پولنگ عملہ کی تعیناتی بشمول لازمی تربیت کرانی لازمی ہے ۔مکتوب میں مزید لکھا گیاہے کہ میونسپل الیکشن 2023 کے انعقاد کے سلسلے میں آپ سے درخواست ہے کہ EVMs کی بے ترتیبی اور پولنگ عملے کی تعیناتی کے لئے میونسپل الیکشن 2018 کیلئے استعمال ہونے والےNIC سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے اور اسے جموں و کشمیر کے تمام ڈپٹی کمشنروں کو فراہم کرنا ہے تاکہ انتخابات میں استعمال کئے جائیں جو ستمبرمیں منعقد ہونے والے ہیں۔
سافٹ ویئر کی ضرورت کے مطابق ملازمین کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے ایک فارمیٹ تمام ڈپٹی کمشنرز کو جلد از جلد اس دفتر کو مطلع کیا جائے تاکہ ڈیٹا کو اچھی طرح سے وقت پرجمع کیا جاسکے۔قابل ذکر ہے کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کی میعاد 5 نومبر 2023 کو ختم ہو جائے گی، اورجموں میونسپل کارپوریشن کی میعاد 14 نومبر2023 کو ختم ہو رہی ہے جبکہ میونسپل کونسلوں اور کمیٹیوں کی 5 سالہ میعاد بھی اس سال اکتوبر نومبر میں ختم ہو جائے گی۔قانون کی رو سے انتخابات کا عمل ایک ماہ قبل ہی مکمل کرنا ہوگا۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیرمیں پنچایتی انتخابات رواں سال اکتوبر،نومبر کے مہینے میں ہونے کا امکان ہے ۔کیونکہ ریاستی الیکشن کمشنر کاعہدہ وچارج سنبھالنے کے بعدبی آرشرما نے26جولائی2023کوکہاکہ جموں و کشمیر میں پنچایتوں کے انتخابات اس سال اکتوبر نومبر میں ہونے کا امکان ہے۔موجودہ پنچایتوں کا انتخاب 10 جنوری2019 کو ہوا تھا اور ان کی5 سالہ میعاد 9 جنوری2024 کو ختم ہو رہی ہے۔ ریاستی الیکشن کمشنربی آرشرماکاکہناتھاکہ پنچایتی راج ایکٹ کے مطابق، پنچایتی انتخابات کا عمل5سال کی میعاد ختم ہونے سے ایک ماہ قبل مکمل کرنا ہوتا ہے۔