عاصف بٹ
کشتواڑ// اتوار کو ضلع ہسپتال کشتواڑ میں سترہ سالہ نوجوان کی موت مبینہ طور پر ہسپتال انتظامیہ کی غفلت شعاری کے سبب پیش آئی۔ جس پر لواحقین نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق شاکر حسین ولد عبدلرشید بٹوارہ کے رہایشی کو سنیچر کی دیرشام اچانک درد کی شکایت ہوئی جس پر انکے لواحقین نے انھیں پی ایچ سی چھاترو منتقل کیا جہاں سے ڈاکٹروں نے اسے مزید علاج و معالجے کیلئے ضلع ہسپتال منتقل کیا۔ضلع ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انھیں الٹراسائونڈ و ٹیسٹ کرنے کو کہا جسکے بعد انھوں نے اگرچہ الٹراسائونڈ باہر سے اور ٹیسٹ انھیں ہسپتال سے کرائے گئے اور انھیں وارڈ میں منتقل کیاگیا۔لواحقین نے الزام لگایاکہ وہاں موجود عملےنے انھیں رات بھر کوئی طبی سہولیات فراہم نہیں کی جسکے سبب صبح کے وقت اسکی موت واقع ہوئی۔ ہسپتال انتظامیہ نے اس معاملے کو لیکربتایا کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائےگی اور دوروز کےاندر رپورٹ پیش کی جائےگی جسکے کے بعد ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔ شاکر کے لواحقین نے اس میں ملوث ہسپتال عملے کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا تاکہ انھیں عبرت ناک سزا مل سکے۔یہ اس طرح کا کوئی پہلا واقعہ نہیں جب ضلع ہسپتال انتظامیہ پر اس طرح غفلت برتنے کے الزامات عاید کئے گئے جبکہ اس سے قبل بھی متعدد واقعات رونما ہوئے جن میںابتک کئی افراد نے لاپرواہی کے سبب اپنی جانیں گنوائی ہیں۔