جموں// اُبھرتے ہوئے نوجوان غزل گو شعراء کی حوصلہ افزائی اور تربیّت کیلئے سالِ رواں سے مختلف سرکردہ شعراء کی غزلوں سے لئے گئے منتخب اشعارپر ریاست کی کثیراللسانی ادبی تنظیم ’ادبی کنج جے اینڈکے جموں ‘ کاسِلسِلہ وار طرحی شعری نِشست کادوَر جاری و ساری ہے۔ ہر ماہ ایک طرحی مِصرع دِیا جاتا ہے جِس پرشعراء حضرات اپنی طبع آزمائی کرتے ہیں۔ اِس طرحی مشاعرے کے دور میں مختلف شعراء نے گُذشتہ ماہ کی غزلوں کو بطورِ خاص پیش کیا۔جن پر تبصرہ بھی ہوا اور شعراء کو اسلوب ِ طرحی غزل کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرایا گیا ہے۔ اِس سِلسلے کے تحت اِس ماہ کا مِصرع طرح تھا ’ سِتاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں ‘ ۔نو آموز شعراء نے اپنے سینئر شعرا ساتھیوں کے ساتھ بڑے اِشتیاق کے ساتھ اِس طرحی دور میں شرکت کی۔اس طرحی مشاعرے کے ساتھ ہی ایک کثیر اللسانی مشاعرے کا بھی دور ہواجِس میںشعراء حضرات نے مختلف زبانوں میں اپناکلام پیش کیا۔آج کی نشست نُما تقریب کا ایک خصوصی حِصّہ خراجِ عقیدت و خراجِ تحسین دور تھا۔جِس میںاُردوکے معروف شاعر اور منفرد فلمی نغمہ نِگار مرحوم ساحر ؔلدھیانوی کے یومِ ولادت پر اُنھیں خراجِ عقیدت پیش کِیا گیا۔عالمی یومِ خواتین کے موقعہ پرخواتین کے سماجی اور ادبی کارناموں پر بھی مفصل روشنی ڈالی گئی۔ رنگوں کے تہوار ’ہولی‘ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اِس سے جڑے حقائق کی بھی وضاحت کی گئی۔اِس موقعے پر مقررّین نے اپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے ملک کیلئے امن اور آشتی کی دُعا بھی کی ۔ساحر لُدھیانوی مرحوم کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کرتے ہوئے اُن کے فن اور حیات پر سیر حاصل تبصرہ بھی ہوا۔ عالمی یوم ِخواتین کی اہمیّت کو اُجاگر کرتے ہوئے سماج میں عورت کے کردار کی وضاحت کی گئی۔ شعراء حضرات نے ہولی گیتوں کے علاوہ خراجِ عقیدت نظمیں بھی پیش کیں۔کچھ شعراء کے اِسمائے گرامی یوں ہیں ، آرش ؔاوم دلموترہ سنتوش شاہ نادانؔ، بشیر الحق بشیرؔ، بشن داس خاک، محمد باقرصباؔ، معصوُم کشتواڑی ، رام پال ڈوگرہ پالیؔ، ایم ایس کامرا، سنجیو کمار، راج کمل ، راجیو کمار، رومیش راہیؔ، راکیش ترپت ، وِنود کاتب، راز ؔریاض سوہل ، منظور بڈانہ، فوزیہ مُغل ضیاؔ، ایم ایل گنجو فرصل اور شام طالبؔ۔ نشست کی نظامت کے فرائض سینئر شاعر بِشن داس خاکؔ نے ادا کئے۔ اِس نشست نُما تقریب کا اِختتام چیئرمین تنظیٖم آرشؔ اوم دلموترہ کی طرف سے پیش کردہ شکریہ کی تحریک سے ہوا ۔ اس سے قبل تنظیم کی طرف سے ایک تعزیتی قرار داد بھی پیش کی گئی جِس میں معروف شاعرہ اور تنظیم کی نائب صدر سنتوش شاہ نادانؔ کے چچا ترلوکی ناتھ شاہ کی وفات پر رنج و الم کا اِظہار کرتے ہوئے اُن کے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اِظہار کِیا گیا اورآنجہانی کی روح کی تسکین کے لئئے دو مِنٹ کی خاموشی بھی اِختیار کی گئی ،نشست کی صدارت کے فرائض سنتوش شاہ نادا ن نے ادا کِئے۔