یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے کروڑوں کارکنوں سے اگلے 100 دنوں میں ہر نئے ووٹر تک پہنچنے اور انہیں ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے ہمارے عزم سے آگاہ کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اپوزیشن اتنا مایوس ہوچکا ہے کہ اس میں ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کرنے کی صلاحیت نہیں ہے اسی لیے وہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی نئی نئی سازشیں کرنے میں مصروف ہے۔ مودی نے یہ اپیل راجدھانی کے پرگتی میدان میں واقع بھارت منڈپم میں بی جے پی کے قومی کنونشن 2024 سے خطاب کرتے ہوئے کہی اور کہا کہ یہ کانگریس عدم استحکام، اقربا پروری، بدعنوانی اور خوشامد کی ماں ہے اور بی جے پی کے ہر کارکن کا فرض ہے کہ وہ ملک اور ملک کے ہر شہری کو کانگریس سے بچانا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ’’آج 18 فروری ہے اور جو نوجوان اس عرصے کے دوران 18 سال کے ہو چکے ہیں، وہ 18ویں لوک الیکشن میں ووٹ ڈالنے جارہے ہیں۔ اگلے 100 دنوں میں آپ کو ہر نئے ووٹر سے جڑنا ہے، ہر استفادہ کرنے والے، ہر طبقے، ہر برادری اور ہر مذہب کے ماننے والے ہر فرد تک پہنچنا ہے، ہمیں سب کا اعتماد حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔”انہوں نے کہا کہ ہندوستان اگلے پانچ سالوں میں ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی طرف ایک بڑی چھلانگ لگائے گا۔ مودی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ “گزشتہ 10 سالوں میں ہندوستان نے بے مثال رفتار حاصل کی ہے اور اہم اہداف حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔ ہندوستان آج ہر میدان میں نئی بلندیوں پر پہنچ گیا ہے، اگلے 5 سالوں میں ہندوستان کو پہلے سے زیادہ تیزی سے کام کرنا ہوگا‘‘۔بی جے پی کی اقتدار میں مضبوط واپسی پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ ‘آج اپوزیشن لیڈر بھی این ڈی اے حکومت کے 400 کے ہندسے کو عبور کرنے کے نعرے لگا رہے ہیں اور این ڈی اے کو 400 کو عبور کرنے کے لیے بی جے پی کو 370 کا سنگ میل عبور کرنا ہوگا۔