زاہد بشیر
گول//گزشتہ شب سے لگا تار شدید بارشوں کی وجہ سے سب ڈویژن گول میں ندی نالوں میں طغیانی کی سی صورتحال بنی جس دوران جہاں لوگوں کے فصلات بالخصوص مکی کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے وہیں کئی جگہوں پر رہائشی مکانات ،پانی کا حوض ، وسڑکوں کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ لگا تار شدید بارشوں کی وجہ سے گول سب ڈویژن میں گزشتہ شب سے جاری شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق، اس اچانک طوفانی بارش نے کئی رہائشی مکانات، زرعی زمینوں، اور سڑکوں کو نقصان پہنچایا ہے۔بارشوں کے باعث اندھ ماسوا نالے میں طغیانی کی سی صورت بنی جس وجہ سے یہاں کی عوام گھروں میں ہی محصور بن کر رہ گئے ہیں ۔ اور دیگر مقامی ندی نالوں میں شدید طغیانی دیکھی گئی ۔ داڑم سے کینٹھہ جانے والی سڑک پر اچانک ندی کا پانی آیا جس وجہ سے سڑک کو شدید نقصان پہنچا وہیں گاگرہ کلی مستا میں ندیوں میں پانی کے شدید بھائو کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں رکاٹ پیدا ہوئی ۔علاقہ گاگرہ سے مشتاق احمد ولد عبدالرحیم شیخ اور محمد شفیع ولد عبدالغنی شیخ کے رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا وہیں علاوہ گنڈ میں بھی محمد شفیع ولد عبدالرحیم حجام کے رہائشی مکان کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ ادھر علاقہ کوہلی سے ملی اطلاع کے مطابق پہاڑی کھسکنے کی وجہ سے بڑے بڑے پتھر گر آنے کی وجہ سے ایک پانی کا حوض مکمل طورپر تباہ ہو چکا ہے ۔اس دوران محمد جمیل ولد عبدالرشید بکر وال کے گھرکو بھی شدید خطرہ لا حق ہے ۔ وہیں اس دوران گول صدر مقام کی ملحقہ جات سڑکوں پر آبِ نکاس کی حالت ابتر کی وجہ سے لوگوں کی زرعی اراضی میں پانے آنے کی وجہ سے کافی نقصان پہنچاہے اور اس طرح سے رہائشی مکانات کو بھی شدید خطرہ لا حق ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نالوں کی صفائی اور حفاظتی بندوں کی تعمیر کو ترجیح دی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کی صورتحال سے بچا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی امداد، راشن، اور رہائش کی سہولیات فراہم کی جائے ۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں تک مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ندی نالوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔