عاصف بٹ
کشتواڑ // محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں سوموار کی صبح سے شروع ہوا برفباری کا سلسلہ دیرشام تک جاری تھا جسکے سبب ضلع بھر میں عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی۔اگرچہ دوروز تک موسم بہتر رہا تاہم سوموار کی صبح سے ہی پہاڑی و میدانی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو قریب چار بجے تک جاری تھا۔ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقوںمڑواہ، واڑون ،دچھن ،چھاترو ،مچیل ،پاڈر،بونجواہ ،سنتھن ،کیشوان میں چار انچ سے ایک فٹ تک تازہ برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ دورافتادہ علاقہ واڑون میں ایک فٹ جبکہ مڑواہ میں چھ انچ، دچھن میں چار انچ، مچیل میں چھ، پاڈر کے دیگر علاقہ جات میں چار انچ تک برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ہے جسکے سبب ان علاقوں میں عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد گھروں میں محصور ہوکررہ گئی ۔ادھرسب ڈویژن چھاترو کے اوپری علاقوں میںبھی چھ انچ سے ا یک فٹ تک برفباری درج کی گئی جس سے ان علاقہ جات میں بجلی ،پانی و سڑکیں رابطے مکمل طور منقطع ہوکررہ گئے ہیں۔ وٹسر ،ڈانگر نالہ ،سنگھپورہ ،کوچھال ،کواٹھ ،چنگام ،چھاترو ،مغلمیدان،سگدی ،بھاٹہ میں چار انچ تک برفباری کی اطلاع مل رہی ہے۔بونجواہ، درابشالہ، کنتواڑہ و سرتھل کے علاقوں میں بھی چار انچ تک تازہ برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ضلع کے میدانی علاقوں میں بھی برفباری کے سبب عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی۔ دن بھر ہورہی برفباری کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑااور قصبہ کی متعدد سڑکوں پر برفباری کے سبب پھسلن پیدا ہوئی۔ کشمیر عظمی کو لوگوں نے فون پر بتایاکہ سب ڈویژن چھاترو کے بیشتر علاقے گزشتہ ایک ہفتے سے گھپ اندھیرے میں ہیں جن میں پارنا، کھانپورہ، گلوانپورہ، پہلگواڑہ، کھاورہ، گھٹمنڈو، زیوگ، وٹسر ،بنگام ،پیٹھ گام، چیروار، کوترنہ، دچھین، کلمولہ ،کنچو و بونڈا گائوں شامل ہے جہاں عوام گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی کے دیدار کا انتظار کررہی ہے۔ادھرسب ڈویژن مڑواہ کا دچھن علاقے بھی گزشتہ پانچ روز سے گھپ اندھیرے میں ڈوبا ہواہے جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔ اگرچہ حکام نے اکھلا و ڈنگڈورو تک بجلی سپلائی بحال کی لیکن دیگر علاقے ہنوز گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوے ہیں۔
کشتواڑ پاڈر سڑک مسلسل بند،بحالی کا کام جاری
عاصف بٹ
کشتواڑ//شدید برف باری و بھاری پسی گرآنے کے سبب کشتواڑ پاڈر سڑک تیسرے روز بھی آمدورفت کیلئے بحال نہ ہوسکی جس پر بحالی کا کام ہنوز جاری ہے۔ ضلع کشتواڑ کی تحصیل ناگسینی میں پتھرناکی کے مقام پر بھاری پسی گرآنے کے سبب اہم دفاعی کشتواڑ پاڈر کیلر (ہماچل پردیش) سڑک گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند ہوگئی تھی جسکے سبب پاڈر سب ڈویژن کی 30000سے زاید آبادی یونین ٹیریٹری سے مکمل طور پر منقطع ہے ۔بہتر موسم کی صورت میں سڑک کو مکمل طور کھولنے میں چارسے 5دن لگ سکتے ہیں۔ڈی سی کشتواڑ نے محکمہ صحت کے افسران کو دونوں جگہوں پر میڈیکل ٹرانزٹ کیمپ کسی بھی طبی ہنگامی خدمات کے لیے لینڈ سلائیڈ زدہ علاقے کے قریب لگانے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ ایمبولینس بھی دونوں سروں پر تعینات کی جائے گی جبکہ ضلع پولیس کشتواڑ سے مناسب پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنائے گی۔