منڈی // سب ضلع ہسپتال منڈی میں عوام کیلئے دن بدن پریشانیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ آئے روز ہسپتال کی حالت بہتر ہونے کے بجائے بدتر سے بد تر ہوتی جارہی ہے ۔منڈی کی آبادی ایک لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل ہے جس کےلئے سرکار کی طرف سے تحصیل سطح پر ایک سب ضلع اسپتال تو بنایاگیاہے مگر اس میں ڈاکٹروں کی متعدد اسامیاں خالی پڑی ہیں جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کو پونچھ ضلع اسپتال کا رخ کرنا پڑتا ہے۔تحصیل کا یہ واحد ہسپتال ہے جہاں دور دراز کے علاقوں سے ہزاروں مریض اپنی بیماریوں کی تشخیص کے لئے آتے ہیں لیکن ڈاکٹروں کی عدم موجودگی سے انہیں دوسرے ہسپتالوں کارخ کرناپڑتاہے۔ذرائع کے مطابق سب ضلع اسپتال منڈی میں صرف دو ڈاکٹر تعینات ہیں جبکہ ماہر ڈاکٹروں کی تمام اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی اور عوام کی پریشانیوں پربات کرتے ہوئے بلاک میڈیکل آفیسر منڈی مشتاق حسین شاہ نے بتایا کہ ہسپتال میں مشکلات کی واحد وجہ ڈاکٹروں کی کمی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ الٹراساﺅنڈ کا ماہر نہ ہونے کی وجہ سے انہیںخود ہی الٹراساﺅنڈ کرنا پڑتا ہے اور تمام تر امور کی دیکھ بھال کرنی پڑتی ہے۔انہوںنے بتایاکہ سرجن سپیشلسٹ کی 5 پانچ اسامیاں ہیں جبکہ یہاں کوئی بھی سپیشلسٹ تعینات نہیں۔اسی طرح سے انہوںنے بتایاکہ میڈیکل آفیسر کی 8 اسامیاں ہیں جبکہ صرف 2 میڈیکل آفیسر تعینات ہیں اور اس طرح سے6 پوسٹیں خالی ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ ایک فیزیشن تھا جسے بھی راجوری تبدیل کردیاگیاہے ۔بی ایم او کے مطابق فرماسسٹ کی 10 پوسٹیں ،نرسنگ سٹاف کی بھی 10اور ایم پی ڈبلیو کی 06 پوسٹیں خالی پڑی ہیں۔مقامی لوگوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ ہسپتال کا دورہ کر کے خود معائنہ کریں اور عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔جب اس حوالے سے ڈائریکٹرہیلتھ گرجیت سنگھ سے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے اس مسئلے پر بات کر نے سے انکار کر دیا۔