عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کے منڈی سب ضلع ہسپتال میں بجلی کا نظام اس قدر درہم برہم ہو چکا ہے کہ شام ہوتے ہی ہسپتال کی عمارت گھپ اندھیرے میں تبدیل ہو جاتی ہے اور ڈاکٹروں کو اس دوران مریضوں کا علاج موبائل کی روشنی میں کرنا پڑتا ہے گزشتہ شام کو بھی ہسپتال کی بجلی گْل تھی جس کی وجہ سے وہاں پر ڈاکٹروں کو مریضوں کا علاج موبائل کی روشنی کی مدد سے کرنا پڑا جب ایک ایمرجنسی مریض کو گلوکوز دینا پڑا ۔اس حوالے سے ہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں نے کہا کہ ہسپتال کا سولر سسٹم بھی گزشتہ کافی روز سے بند پڑا ہے جبکہ ہسپتال کو محکمہ بجلی کی جانب سے دی گئی سپیشل لائٹ بھی شام پڑتے ہی بند ہوجاتی ہے جسکی وجہ سے انہیں مریضوں کا علاج کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ادھر ہسپتال میں گزشتہ شام داخل ہوئی ایک مریض کے خاوند مشتاق احمد سکنہ چیھمبر کناری نامی تیماردار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شام گئی ان کی اہلیہ بیمار ہوئی اور ڈاکٹر نے اسے علاج کیلئے کچھ انجکشن اور گلوکوز لگانے کو کہا لیکن اندھیرے کی وجہ سے انہیں موبائل کی روشنی سے کمپونڈروں نے لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بجلی کو چاہیے کہ ہسپتال میں چوبیسیوں گھنٹے لائٹ ہونی چاہیے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے وہیں ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی محکمہ کے آفسران سے اپیل کی ہے کہ ہسپتال اور ان کی رہائش گاہوں کے بجلی نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ وہ بھی اپنا کام بہتر ڈھنگ سے نبھا سکیں۔