اننت ناگ//ڈورو شاہ آباد میں کو سب ضلع اسپتال کو ماڈل اسپتال میں ضم کرنے کے خلاف ہڑتال کی گئی اور لوگوں نے محکمہ صحت کے خلاف احتجاج کیا ۔حکومت نے کئی برس قبل ڈورو شاہ آباد میں نئے ماڈل اسپتال کا قیام عمل میں لایا تاہم اب محکمہ صحت نے علاقہ میں پہلے سے ہی موجود سب ضلع اسپتال کو نئے ماڈل اسپتال میں منتقل کیا ہے جس پر مقامی آبادی سراپا احتجاج ہے ۔جمعہ کو قصبہ میں مکمل ہڑتال رہی جس کے دوران تمام دکانیں ،کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحرکت ٹھپ رہی ۔لوگوں نے سڑک پر دھرنہ دے کر انتظامیہ و محکمہ صحت کے خلاف نعرے بازی کی ۔لوگوں کاکہنا ہے کہ جب علاقہ میں ماڈل اسپتال کا سنگ بنیاد ڈالا گیا تو اُس وقت کے حکمرانوں نے اُن سے کہا تجا کہ اس نئے اسپتال سے پرانے اسپتال کی ہیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور نیا ماڈل اسپتال جدید سازوسامان سے لیس ہوگا اور ساتھ ہی اس اسپتال کے لئے نیا عملہ تعینات کیا جائے گااور اس کی یقین دہانی حال ہی میں گورنر کے مشیر نے بھی اپنے دورے کے دوران دی تھی ۔ لوگوں کاکہنا ہے اب انتظامیہ اور محکمہ صحت اپنے وعدے سے مکر رہے ہیںاور پرانے اسپتال کو نئے اسپتال میں ضم کیا جارہا ہے جو عوام کو ناقبل قبول ہے کیونکہ نیا اسپتال فوجی تنصیبات کے بیچ میں واقع ہے اور اسپتال منتقل کرنے سے سینکڑوں افراد کا روزگارمتاثر ہوگا۔اوقاف کمیٹی ڈورو کے نائب صدر محمد ابراہیم کندرو نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ ہسپتال کو ضم کرنے سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا ہوگا اوریہ فیصلہ ناقابل قبول ہے جس کا ڈٹ کر مقابلہ کیاجائیگا۔