بھدرواہ //قصبہ سے 30کلو میٹر دور سطح سمندر سے 12000فٹ کی بلندی پرو اقع سبھار ناگ مندر میں سینکڑوں شردھالوئوں نے پوجا ارچنا کی، اس مندر کے دروازے بیساکھی کے سلسلہ میں ایک ہی دفعہ کھولے جاتے ہیں۔سبھار دھار میلہ علاقہ کی ایک قدیم روایت ہے جس میں نہ صرف بھدرواہ بلکہ قرب وجوار سے آئے ہوئے عقیدتمند بھاری تعدا د میں شرکت کرتے ہیں۔ موسم بہار کی آمد کے سلسلہ میں منائے جانے والے اس تہوار کا اہتمام بیساکھی سے ایک روز قبل کیا جاتا ہے ۔ روایات کے مطابق 700بر س قدیم اس مندر کے کواڑ صبح سویرے کھول دئیے جاتے ہیںجس کے بعددرجنوں بھیڑوبکروں کی بَلی دی جاتی ہے تاکہ سبھار ناگ دیوتا کوخوش کیا جا سکے ۔ عقیدتمندوں میں خواتین کی بھاری تعداد بھی موجود تھی جو طویل قطاروں میں مندر میں درشن کے لئے داخل ہوئے۔ چنتا، شرارہ اور بھالرہ سے آئی ہوئی چھڑی مبارک بعد دوپہر یہاں پہنچیں جس کے بعد لوگوں نے روایتی ڈھیکوناچ کا لطف لیا ،منتظمین کی طرف سے بھنڈارے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔اگرچہ انتظامیہ کی طرف سے یاتریوں کی سہولیت کے لئے انتظامات کئے گئے تھے تاہم وہاں گئے لوگوں نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کا شکوہ کرتے ہوئے بجلی کنکشن فراہم کئے جانے کا مطالبہ کیا تا کہ اس علاقہ کو سیاحتی نقشہ پر لایا جا سکے ۔