عظمیٰ نیوز سروس
جموں // ڈی پی اے پی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے سبسڈی والے راشن کو کم کرنا بدقسمتی ہے جبکہ حکو مت کا چاہئے کہ وہ موسم سرما کے دوران عوام کو درپیش مشکلات کو ترجیح بنیادوں پر حل کر ئے ۔ان خیالات کا اظہار موصوف نے جموں میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود میں شامل اراکین کی شکایت و مسائل سننے کے دوران کیا ۔ ڈی پی اے پی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے جمعرات کو ایل جی منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ ضلعی سطح کے حکام کو ہدایت دیں کہ وہ جاری موسم سرما میں لوگوں کے روزمرہ کے مسائل کو حل کریں کیونکہ مناسب انتظامات کی عدم موجودگی میں لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آزاد نے جموں میں مختلف وفود سے ملاقات کی جنہوں نے دیہی علاقوں چناب وادی، پیر پنچال اور کشمیر میں بجلی کی غیر مقررہ کٹوتی، سبسڈی والے راشن میں کٹوتی کے علاوہ یونین میں بے روزگاری کی بلند ترین شرح سے نمٹنے کے لئے حکومت کی طرف سے کوئی مناسب اقدامات نہ کئے جانے کی وجہ سے اپنی مایوسی اور غصے کا اظہار کیا۔ آزاد نے کہا کہ جب یوٹی میں بے روزگاری اب تک کی سب سے زیادہ ہے تو لوگوں کو سبسڈی والے راشن کو کم کرنا بدقسمتی ہے اور اس کے بجائے حکومت کو لوگوں کو کچھ ریلیف دینے کے لئے مقدار میں اضافہ کرنا چاہیے تھا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک بار جب ان کی پارٹی اقتدار میں آ جائے گی تو وہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔