گول//کٹرہ بانہال ریلوے لائن اندھ گول کے مقام پر پٹیل انجینئرنگ تعمیری کمپنی جنہوں نے آگے سے ٹھیکیداروں کو کام دیا ہے یہاں پر سرسبز آسمان چھوتے درختوں کا تہس نہس کر کے زمین برد کر دیا جس وجہ سے یہاں پر مقامی لوگوں میں کافی تشویش پائی جا رہی ہے ۔ آج مقامی لوگوں نے اسکے خلاف سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور ٹھیکیداروں اور کمپنی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ جوں ہی سرسبز جنگلات کی خبر علاقے میں پھیلی اور محکمہ جنگلات اور پولیس کے اعلیٰ حکام تک پہنچی تو فوری طور پر فی الحال کمپنی کے ٹھیکیداروں نے مشینوں کو واپس بلایا ۔اندھ کے معروف سماجی لیڈر ایڈوکیٹ امتیاز الابرارنے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پٹیل انجینئرنگ ریلوے کمپنی نے اندھ
علاقہ میں ناگر سنگھ جاگر سنگھ ٹھیکیدارکمپنی کو کام دیا ہے اور یہاں پر سر سبز درختوں کا بے تحاشہ کٹائو ہوا ہے اور جنگلات میں پنپ رہے چھوٹے چھوٹے درختوں کو ملنے کے نیچے دفنایا گیا جس وجہ سے یہاں پر یہ علاقہ پورا ریگستان کی شکل اختیا رکر گیا ہے ۔ احتجاج پر بیٹھے لوگوں کا کہنا ہے کہ ملبے کے نیچے جہاں چھوٹے چھوٹے سر سبز درخت دبائے گئے وہیں دوسری جانب یہاں پر جو چشمے نکل رہے تھے ان کو بھی ختم کیا گیا لوگوں نے اس سلسلے میں کارروائی کی مانگ کی ۔ اس سلسلے میں محکمہ جنگلات کے ڈی ایف او سے بات جب کی گئی تو انہوں نے اس جگہ پرکل ہی ایک ٹیم بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ۔ وہیں محکمہ جنگلات کے رینجر کا کہنا ہے کہ محکمہ نے پہلے ہی ریلوے کو یہ زمین دی ہے اور اس سے قبل بھی اس پر لوگوں نے احتجاج کیا تھا اورجو ملبہ یہ نالے میں ڈال رہے ہیں یہ محکمہ فشریز کے تحت آتا ہے اور وہی اس کی کارروائی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں این او سی بھی دی ہے اور اگر کوئی غلط کیا گیا ہو گا تو محکمہ اس پر کڑی نگاہ رکھا ہوا ہے اور کارروائی کریں گے ۔