بلال فرقانی
سرینگر// گرمی کی لہر کے ساتھ ہی وادی میں سبزیوں کی قیمتیں بڑھ کر عام لوگوں کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں۔ سرینگر میں بھی ان دنوں سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ پیاز، ٹماٹر، بینگن ساگ، کدو،بنڈی، گاجر،پھول گوبھی ،بند گوبھی،کڈم،ندرولہسن اور ہری مرچ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے سے کچن میں تڑکے کی مہک بھی کم ہو گئی ہے۔سبزیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ تباہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔ 30 روپے کلو فروخت ہونے والا ٹماٹر 60 سے75 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔ چند روز قبل پیاز کی قیمت 20 روپے فی کلو تھی جو اب 50 سے 60 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔سبزیوں کا راجہ آلو کے قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ مارکیٹ میں اس کی قیمت 30 سے 45 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ گوبھی 50سے 60 روپے فی کلو، کڈم60 روپے فی کلو ہوگئی۔ لوکی یا کدو20 روپے سے بڑھ کر 60 روپے تک پہنچ گئی،مٹر120روپے،شملہ مرچ 80روپے، بنڈی80 روپے،ساگ80 روپے کے بھائو سے فروخت کی جا رہی ہے۔ سبزیوں کا ذائقہ بڑھانے والے ہرا دھنیا اور ادرک کی قیمتیں بھی دگنی سے زیادہ بڑھ گئی ہیں۔لیموں،کھیرا اور گاجر کی قیمتوں میں بھی ہوش ربا اضافہ ہوا ہے جبکہ ندرو فی کلو300روپے کے حساب سے فروخت کئے جا رہے ہیں۔بٹہ مالو میںسبزی فروش خالد کے مطابق بیرون ریاستوں میں موسم کی خرابی کے باعث 15 روز سے قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اورآنے والے وقت میں سبزیوں کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے کیونکہ بارش کے موسم میں سبزیوں کی فصلوں کے پھول جھڑ جاتے ہیں اور اس سے سبزیوں کی پیداوار کم ہو جاتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پیداوار میں کمی کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ خریداروں کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی خریداری انکی پہنچ سے باہر ہوگئی ہے،جبکہ متعلقہ محکمہ بھی سبزی فروشوں کی لگام کسنے میں ناکام ہوگیا ہے۔ سونہ وار سرینگرکے امتیاز احمد نے بتایا کہ انتظامیہ براہ نام ہی مارکیٹ چیکنگ کر رہا ہے ،جس کی وجہ سے گراں فروشوں کے حوصلے بڑ گئے ہیں اور وہ من مانی قیمتوں پر سبزیوں کو فروخت کر رہے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ لالچوک اور سونہ وار میں سبزیوں کی قیمتوں میں فی کلو10سے20روپے کا اضافہ نظر آرہا ہے،اور سبزی فروش بھی خریداروں کو دو دو ہاتھوں سے لوٹنے میں لگے ہوئے ہیں۔