سرینگر//محکمہ زراعت کی طرف سے لالمنڈی سرینگر کے کچن گارڈن نرسری میںمختلف ہائی بریڈ سبزیاںکی پنیری کی سیل شروع کی گئی۔ ناظم زراعت کشمیر سید الطاف اعجاز اندرابی نے جواینٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر سجاد احمد شاہ، پروجیکٹ کوآرڈینیٹر مشروم، ثناء اللہ میر، صوبائی سیڈپروڈکشن آفیسر منظور احمد شاہ کی موجودگی میں اس عمل کا باضابطہ آغاز کیا۔ اس موقعے پر سبزیوں کی کاشت سے وابستہ سرینگر اور ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ واضح رہے کہ سبزیوں کی یہ پنیری پالی گرین ہاوسز میں مخصوص درجہ حرارت، نمی اور مختلف بیماریوں سے صاف و پاک ماحول میں تیار کی جاتی ہے اور اس کی پیداواری صلاحیت بھی دیگر روائتی اقسام کے مقابلے میں کافی بہتر ہوتی ہے۔ اس موقعے پر سبزی کاشتکاروں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ناظم زراعت نے کہا کہ صحت مند اور زیادہ پیداواری صلاحیت رکھنے والی پنیری زرعی سرگرمیوں میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی پنیری سے حاصل کی جانے والی فصل پر بہت ہی کم کیمیاوی کھادوں اور دیگر کیڑے مار دوائیوں کی ضرورت پڑتی ہے، جس سے کاشتکاری کے دوران مختلف اخراجات میں نمایاں کمی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ناظم زراعت نے سبزی اگانے والوں پر زور دیا کہ وہ محکمہ کی طرف سے شروع کئے گئے مختلف اختراعی نوعیت کے اقدامات سے استفادہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سبزی کاشکاری شعبے میں روزگار کے کافی مواقعے موجود ہیں، جنہیں بروئے کار لاکر بے روزگاری کے چیلنج سے نمٹنے میں کافی حد تک مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مستقبل قریب میں بے روزگار نوجوانوں کے لئے مختلف تربیتی پروگراموں کا اہتمام کررہا ہے جس دوران انہیں سائینسی اور جدید خطوط پر سبزیوں کی کاشت اور دیگر زرعی سرگرمیوں کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ اپنے ساتھ ساتھ اوروں کے لئے بھی روزگارکے مواقعے پیدا کرسکیں۔ اس موقعے پر موجود سبزی کاشتکاروں نے محکمہ کی طرف سے انہیں بروقت پنیری فراہم کرنے کے لئے محکمے کی سراہنا کی۔