کیرالہ//سبریمالا مندر میں خواتین کے داخلہ کو لے کر کشیدگی برقرار ہے۔ تلنگانہ کی ایک آن لائن جرنلسٹ اور ایک دیگر عقیدتمند خاتون نے سبریمالا مندر میں داخل ہونے کی کوشش کی ، لیکن پرزور مخالفت کی وجہ سے ناکام رہیں۔ آئی جی پولیس شریجیت کی قیادت میں 150 پولیس اہلکاروں نے انہیں سیکورٹی فراہم کرائی ، لیکن عقیدتمندوں کی جم غفیر نے مندر کے اہم دروازے ( مکھیہ کپاٹ ) پر انہیں روک لیا۔یہی نہیں مندر کے سب سے اہم پجاری نے کہا کہ اگر کوئی بھی خاتون داخل ہوتی ہے تو وہ مندر بند کردیں گے۔ پجاری کا کہنا ہے کہ اگر کوئی بھی خاتون مندر میں داخل ہوئی تو ہم پوجا روک دیں گے ، ہم مندر بند کرکے کنجی بھی اپنے ساتھ لے جائیں گے۔ عقیدتمندوں کے جذبات کا ہلکے میں نہیں لیا جانا چاہئے ، ہم عقیدتمندوں کے ساتھ ہیں۔ادھر صورتحال پر قابو رکھنے کیلئے کیرالہ کے گورنر کے ستاشیوم نے کیرالہ پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے۔ کیرالہ کے ڈی جی پی جلد ہی گورنر سے ملاقات کریں گے۔ رپورٹس کے مطابق اب دونوں خواتین کو واپس لایا جارہا ہے۔