سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری اور حلقہ انتخاب خانیار کے ممبر اسمبلی علی محمد ساگر نے شہر سرینگر کے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور کئی معاملات میں موقعے پر ہی متعلقہ حکام کی نوٹس میں لاکر اُن کا سدباب کرایا۔ انہوں نے نمچہ بل، خانقاہِ معلی، شمس واری، رڈہ پورہ، میر مسجد، بنگلہ دیش اور دیگر کئی علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ رڈپورہ سٹیڈیم اور کمیونٹی ہال عنقریب ہی عوام کے لئے وقف کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ باغ دلاور خان میں کالج کا سنگ بنیاد رکھ کر کام شروع کیا جائے گااور لوگوں کی دیرینہ مانگ کے تحت ایک میرج ہال بھی قائم کیا جائے گا اور ساتھ ہی میر مسجد خانیار میں کمیونٹی ہال کیلئے ایک کروڑ روپے مختص رکھا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ابھی بھی بہت سارے علاقوں کی سڑکوں اور رابطہ سڑکوں پر میکڈم نہیں بچھایا گیا ہے۔