سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگرنے شہر خاص کے درجنوں علاقوں کا دورہ کیا ۔ ساگر نے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات کی جانکاری حاصل کی اور ساتھ ہی تعمیر و ترقی کے کاموں کا جائزہ بھی لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کہنہ کھن ریشی محلہ میں کمیونٹی ہال کے پروجیکٹ کیلئے 50لاکھ روپے واگذار کئے جبکہ اس پروجیکٹ پر کل 1 کروڑ 70لاکھ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ اسی علاقے میں فٹ برج کے قیام کیلئے 40لاکھ روپے بھی واگزار کئے جبکہ آس پاس علاقوں میں سٹریٹ لائٹیں نصب کرنے کیلئے 1لاکھ روپے فراہم کئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے چیچہ محلہ میں 2ٹرانسفامروں، ترسیلی لائنوں اور بجلی کھمبوں کیلئے 15لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ اُن کے ہمراہ محکمہ بجلی، یو ای ای ڈی، لائوڈا، آر اینڈ بی اور میونسپلٹی کے حکام بھی تھے۔اس کے علاوہ ساگر نے لوگوں کے مسائل و مشکلات سنے اور متعلقہ حکام کو ان کا سدباب کرنے کی ہدایت بھی دی۔ لوگوں نے جگہ جگہ پر سڑکوں کی خستہ حالی، راشن اور پانی کی قلت اور بجلی کی نایابی کے بارے میں شکایات کی ۔