سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے آج تاریخی خانقاہِ معلی سرینگر جاکر سالانہ عرس مبارک حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ(بانی اسلام کشمیر) کے سلسلے میں زائرین کیلئے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اُن کے ہمراہ مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام بھی تھے۔ خانقاہِ معلی میں ہی افسران اور بقعہ عالیہ کے منتظمین اور خدامان کی ایک میٹنگ بھی منعقد ہوئی، جس میں عرس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ ساگر نے افسران کو تاکید کہ وہ ایام عرس مبارک حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒکے سلسلے میں زائرین کی سہولیات کیلئے تمام تر اقدامات خاص کر بغیر خلل بجلی ،پینے کا صاف پانی اور صحت و صفائی کے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ عقیدت مندووں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس کے علاوہ انہوں نے خانقاہِ معلی کے صحن میں واقع پارک میں لائٹنگ سہولیات کیلئے ایک لاکھ 35ہزار روپے بھی واگذار کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے عرس مبارک حضرت سید محمد امین اویسی منطقی واقعہ عالی کدل پر بھی خاطر خواہ انتظامات رکھنے کی اپیل کی۔ یاد رہے عرس کی تقریبات منگل کو منائی جارہی ہے۔جہاں اس وقت ایام عرس جاری ہیں۔